کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان کے معروف ای کامرس پلیٹ فارم دراز نے ٹریکنگ، ٹیلی میٹکس، میپنگ اور لوکیشن سے منسلک بیسڈ خدمات فراہم کرنے والی ملک کی ممتاز کمپنی ٹی پی ایل ٹریکر کے ساتھ کسٹمائزڈ فلیٹ مینجمنٹ سروسز (ایف ایم ایس) کی فراہمی کے لئے شراکت داری کی ہے۔ اس شراکت داری سے دراز کی ملک بھر میں ترسیلاتی خدمات کو بڑھانے میں مدد ملے گی جس کے نتیجے میں صارفین کے لئے تیز اور موثر ترسیلات ممکن ہو سکیں گی۔ شراکت داری کے حوالے سے ڈیجیٹل دستخطوں کی تقریب جون میں ٹی پی ایل ٹریکر اور دراز کے متعلقہ صدر دفاتر میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ٹی پی ایل ٹریکر کی جانب سے سی ای او سرور علی خان ، ہیڈ آف ایسٹ ٹریکنگ طلحہ دائود او ر عبید الّلہ ریجنل سیل ہیڈ سو ت موجود تھے جبکہ دراز کی نمائندگی چیف آپریٹنگ آفیسر احمد تنویر نے کی۔ احمد تنویر نے اس موقع پر کہا کہ ای کامرس کی ترقی میں سب سے بڑا چیلنج لاجسٹکس انفراسٹرکچر ہے۔ ہمارا مسلسل ہدف صورتحال کو بہتر بنانا ہے، حال ہی میں ہم نے ٹی پی ایل ٹریکر کے ساتھ شراکت داری کی ہے جس سے ہمیں اور ہمارے تمام شراکت داروں کو سامان کی نقل و حرکت کیلئے ٹریکنگ کو 100 فیصد ڈیجیٹل بنانے میں مدد ملے گی۔ اس سے ہمیں درست اعداد و شمار اور نئی بصیرت ملے گی جس سے ہم اپنی ترسیلات کے اوقات کو مزید بہتر بنا سکیں گے۔ ٹی پی ایل ٹریکر کے سی ای او سرور علی خان نے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے ای کامرس پلیٹ فارم کی جانب سے فلیٹ مینجمنٹ سروسز کی فراہمی کے لئے ٹی پی ایل کا انتخاب ایک نیا سنگ میل ہے جس نے اپنی ترسیلات کو بہتر بنانے کے لئے ہماری خدمات پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ یہ اقدام موبائل اثاثہ جات، لوگوں اور کاروباروں کو مزبوط بنانے کی غرض سے ٹیلی میٹکس کی فراہمی کیلئے ٹی پی ایل ٹریکر میں ہمارے مشن سے مطابقت رکھتا ہے جبکہ یہ کاروباروں کو تیز ترین فیصلہ سازی میں بھی مدد فراہم کرے گا۔پاکستان میں بڑھتے ہوئے اقتصادی شعبہ کے لئے ’’ای کامرس‘‘ ایک اہم وسیلہ بن چکی ہے۔ وباء کے باعث نمایاں طور پر متاثر ہونے والے کاروباری نظاموں میں آن لائن مارکیٹ پلیسز بھی شامل ہیں۔ کاروبار کرنے کے نئے طریقوں کے ساتھ لوگوں کا نئے معمولات کی جانب بڑھنا اور صارفین کے بہتر تجربہ کیلئے انفراسٹرکچر بہتر بنانا ضروری ہو گیا ہے۔ دیگر اہم صنعتوں نے ایکو سسٹم کا تجزیہ کرنے کیلئے بہترین طریقوں کو فروغ دیا اور اس فرق کو ختم کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں۔ اپنے متعلقہ شعبہ میں صنعتی لیڈر کی حیثیت سے ٹی پی ایل ٹریکر اور دراز جدید ٹیکنالوجی استعمال کر رہے ہیں جس کا مقصد ملک کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانااور ای کامرس اور سروس انڈسٹری کو فروغ دینے میں مدد فراہم کرنا ہے۔