پنجاب میں تمام کام میرٹ پر ہو رہے ہیں:  فردوس عاشق

Jun 25, 2021

 لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جعلی راجکماری کی چھوٹی کنیز کا بیان ’’چور مچائے شور‘‘ کے مترادف ہے۔ چھوٹی کنیز پہلے  بھگوڑے لیڈر کی کرپشن کا حساب دے۔ جھوٹے الزامات لگانا اور ہرزہ سرائی کرنا اس کنیز اور کرپٹ ٹولے کی گھٹی میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ  وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے دور میں صوبے میں تمام امور میرٹ اور شفافیت پر سرانجام دیئے جا رہے ہیں۔ جعلی خادم اعلیٰ کی جعلسازیوں اور جعلی راجکماری کی جعلی فونٹ سے پوری دنیا واقف ہے۔ دریں اثناء  معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں حکومت پنجاب وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر عوامی خدمت کیلئے پرعزم ہے اور اس کے لئے پی ٹی آئی ادارہ جاتی ریفارمز کی طرف گامزن ہے۔ پی ٹی آئی کی قیادت میں آرڈی اے کو خسارے سے باہر نکالا گیا ہے۔ راولپنڈی ڈویلپمنٹ  اتھارٹی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اب آرڈی اے سفید پوش عوام کیلئے ہاؤسنگ سوسائٹیز کے قیام کی طرف گامزن ہے۔  وزیراعظم عمران خان نے خسارے کے شکار اداروں کو طاقتور بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے افسوسناک واقعے کو کسی قسم کی قیاس آرائیوں سے نہ جوڑا جائے۔ تحقیقات جاری ہیں اور جو بھی حقائق سامنے آئے وہ شیئر کئے جائیں گے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ راولپنڈی کی رنگ روڈ کے ٹھلیاں تک اڑتیس کلومیٹر کے حصے کی منظوری دی گئی ہے۔

مزیدخبریں