اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان میں چین کے سفیر ’نونگ رونگ‘ نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت بننے والے فیڈمک کے ترجیحی سپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں چین سے انڈسٹری کی ’ری لوکیشن‘ کے لئے عملی اقدامات کو مزید تیز کیا جائے گا۔ وہ فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر چینی سفارتخانے کے اکنامک اینڈ کامرس سیکشن کے سیکنڈ سیکرٹری ’لیو روئی‘ بھی موجود تھے۔ چینی سفیر نے کہا کہ فیڈمک کے اکنامک زون میں چینی سرمایہ کاری کے لئے ’ویبی نارز‘ کا سلسلہ جلد شروع کیا جائے گا جبکہ فضائی آمدورفت بحال ہوتے ہی چینی کمپنیوں کے وفود ہنگامی بنیادوں پر پاکستان کے دورے کریں گے تاکہ سرمایہ کاری کے معاملات کو حتمی شکل دی جا سکے۔ انہوں نے چیئرمین فیڈمک سے کہا کہ وہ ان کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں گے تاکہ اس منصوبے کو سی پیک کے تحت بننے والے دیگر اکنامک زونز کے لئے ایک ماڈل پراجیکٹ بنایا جا سکے۔ چیئرمین فیڈمک نے چینی سفیر کو فیڈمک کے دفتر، ون ونڈو سنٹر اور اکنامک زونز کے دورے کی دعوت دی جس پر چینی سفیر نے یقین دہانی کروائی کہ وہ اگلے ماہ فیڈمک کے لاہور آفس کا دورہ کرنے کے علاوہ فیصل آباد میں فیڈمک کے اکنامک زونز کا دورہ کر کے چینی سرمایہ کاروں اور مقامی صنعتکاروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ چیئرمین فیڈمک نے کہا کہ اکنامک زونز کی ڈویلپمنٹ کے حوالے سے فیڈمک پاکستان کی سب سے بڑی کمپنی بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی سی پیک کے تحت بننے والا پنجاب کا سب سے بڑا اکنامک زون ہے جس کی ڈویلپمنٹ پر وفاقی اور صوبائی حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈمک کی ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں متعدد چینی کمپنیاں کام کر رہی ہیں جبکہ سی پیک کے تحت بننے والے ترجیحی سپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں چینی کمپنیوں کے لئے ایک ہزار ایکڑ پر مشتمل خصوصی بلا ک کی ڈویلپمنٹ کا کام تیزی سے جاری ہے اور یہاں چین سے ’ری لوکیٹ‘ ہونے والی انڈسٹری لگائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چینی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے فیڈمک نے خصوصی ون ونڈو سنٹر قائم کیا ہے جبکہ حکومت نے چینی سرمایہ کاروں کے لئے دوسالہ ویزہ کے اجراء کی بھی منظوری دیدی ہے۔ چینی سفیر نے چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی کو اقتصادی پارٹنر شپ میں تبدیل کرنے کے حوالے سے ان کی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔
علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں چین سے انڈسٹری کی ’ری لوکیشن‘ کے لئے عملی اقدامات کو مزید تیز کیا جائے گا: چینی سفیر
Jun 25, 2021