اسلام آباد(وقائع نگار)بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں بڑے پیمانے پرمبینہ انتظامی بدعنوانیوں کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائرکردی گئی۔یونیورسٹی کے سابق طالب علم اور اسلام آباد بار کے ممبر فضل مولی ایڈوکیٹ نے بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی اور پیر خضر حیات کے زریعے دائردرخواست میں یونیورسٹی کے صدر اور ریکٹر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیاہے کہ حال ہی میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں گینگ ریپ کا واقعہ ہوا، طالب علم کے ساتھ گینگ ریپ کے تناظر میں مسئلہ سنگینی اختیار کر گیا ہے، یونیورسٹی میں بڑے پیمانے پر انتظامی بد عنوانیاں جاری ہیں،قانون شکنی کی ایک فضا قائم کی گئی ہے جس سے یونیورسٹی کی ساکھ بری طرح متاثر ہو رہی ہے،قانون کے مطابق یونیورسٹی کے اساتذہ چاہے وہ ڈین ہوں یا چیئرمین، ٹنیور کا تحفظ حاصل ہے، انتظامیہ کی قانون شکنی کی وجہ اساتذہ اور طلبہ دباؤ کا شکار ہیں،انتظامیہ کی جانب سے ایک ایسا ماحول قائم کیا گیا ہے جس میں یونیورسٹی کا بنیادی مقصد فوت ہو رہا ہے، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت یونیورسٹی انتظامیہ کو قانون کی پاسداری کا حکم دے۔