اڈوں کا معاملہ، عمران کے بیان پر یقین نہیں، کلبھوشن کو وہ خودایں آراودیدیں: بلاول

مظفرآباد/ اسلا م آباد/ لاہور  (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے پیپلزپارٹی کی انتخابی مہم سنبھالنے کے لئے بلاول بھٹو آج سے میدان میں نکلیں گے۔ کوٹلی ڈویژن سے عوامی رابطوں کا آغاز ہو گا۔  بلاول بھٹو زرداری پچیس جون کو کوٹلی ڈویژن سے عوامی رابطوں کا آغاز کریں گے۔  علاوہ ازیں  دوسری جانب وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی کی صنعتوں کیلئے سوئی گیس کی فراہمی منقطع کرنے کے عمل پر بلاول نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی صنعتوں کو سوئی گیس  کی فراہمی  روک کر عمران نے ملکی معیشت پر ایک اور کاری ضرب لگائی ہے۔ تعجب کی بات ہے کہ پورے ملک میں صرف کراچی کے صنعتکاروں کیلئے گیس کی فراہمی بند کی جا رہی ہے۔ عمران منظم طریقے سے پاکستانی معیشت اور ریاستی اداروں کو تباہ کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہیں۔ پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ اڈے دینے سے متعلق فیصلہ حکومت کا ہے۔ اڈے دینے کے معاملہ پر عمران خان کے بیان پر یقین نہیں رکھتے۔ افغانستان سے متعلق فیصلوں کا پوری دنیا پر اثر ہوگا۔ ایک شخص کے لئے چور دروازے سے رات کے اندھیرے میں آرڈیننس تیار کیا گیا۔ اس شخص نے آرڈیننس کا فائدہ ہی نہیں لیا۔ اب حکو مت وہ بل پارلیمان میں لا رہی ہے۔ پیپلز پارٹی اس بل کی مخالفت میں ووٹ دے گی۔ کلبھوشن یادیو سے متعلق بل پر حکومت نے اعتماد میں نہیں لیا۔ کلبھوشن یادیو کے معاملے میں سہولت کار نہیں بنیں گے۔ کلبھوشن کو این آر او دینا ہے تو عمران خان خود دے دیں۔ افغان مسئلہ پر ہم نے بہت سبق سیکھے ہیں۔ افغانستان سے متعلق فیصلوں کا پوری دنیا پر اثر ہوگا۔ افغانستان سے متعلق  جو فیصلہ کریں گے اس کے نتائج 30 برسوں تک بھگتیں گے۔ ہمسایہ ملک سے متعلق کیا ڈیل ہوئی ہے پارلیمان کو آگاہ کیا جائے۔ تشویش ہے کہ عمران خان اڈے دینے کے  معاملے پر بھی یوٹرن نہ لے لیں۔ بلاول نے خورشید شاہ کے پروڈکشن آرڈر کیلئے سپیکر قومی اسمبلی  کو خط لکھ دیا۔

ای پیپر دی نیشن