اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیر اعظم عمران خان سے چیئرمین کشمیر کمیٹی، وفاقی وزرائ، پارٹی رہنمائوں، اتحادی جماعتوں کے پارلیمنٹیرینز، پی ٹی آئی کی خواتین سمیت دیگر ارکان قومی اسمبلی اور صنعتکاروں نے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔ وزیراعظم آفس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان ملاقاتوں کے موقع پر مشیر تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود، معاون خصوصی برائے سیاسی امور ملک عامر ڈوگر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی اور وزیر برائے سمندری امور سید علی حیدر زیدی نے بھی ملاقات کی اور وزیر اعظم کو کشمیر کمیٹی کی کارکردگی کے حوالے سے آگاہ کیا۔ پارلیمانی سیکرٹری وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر نوشین حامد نے بھی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور ملکی سیاسی صوتحال کے علاوہ بجٹ پر تبادلہ خیالات کیا۔ اس کے علاوہ جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی امجد فاروق کھوسہ، نیاز احمد جھکڑ، شبیر قریشی اور رانا قاسم نون نے بھی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں متعلقہ حلقوں کے مسائل اور جاری منصوبوں پر پیش رفت پر گفتگو ہوئی۔ پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی عاصم نذیر، رضا نصراللہ گھمن، خرم شہزاد اور صنعت کار شاہد نذیر نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی۔ وزیراعظم سے ارکان قومی اسمبلی عالمگیر خان، سیف الرحمن، جمشید تھامس، فیض اللہ کاموکا، اکرم چیمہ، اسلم بھوتانی اور شاہد خان خٹک نے بھی ملاقات کی اور اپنے اپنے حلقوں کے مسائل اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر وزیراعظم سے اظہار خیال کیا۔ جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی خواتین ارکان قومی اسمبلی عالیہ حمزہ، سائرہ بانو اور نزہت پٹھان نے بھی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور بجٹ اور قانون سازی میں خواتین ارکان اسمبلی کے مثبت کردار پر تبادلہ خیالات کیا۔ وزیراعظم عمران خان سے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے بھی ملاقات کی۔ آئینی، قانونی اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بجٹ سیشن اور الیکٹرانک ووٹنگ سے متعلق امور پر بھی مشاورت کی۔ بابر اعوان نے الیکٹرانک ووٹنگ سے متعلق پیشرفت سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ کا عمل شفاف انتخابات کا راستہ ہے۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں پر قوم کی نظریں ہیں۔ دھاندلی روکنے کیلئے حکومت بھرپور کوشش کررہی ہے۔ الیکٹرانک ووٹنگ انتخابی عمل کا مستقبل ہے۔ قانون سازی ہونی چاہئے۔ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دلانے کیلئے قانون سازی حتمی مرحلے میں ہے۔ الیکشن کمشن سمیت سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جارہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان سے اوورسیز پاکستانی فورم کے وفد نے بھی ملاقات کی۔ وفد نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے پر شکریہ ادا کیا۔ وفد نے قانون سازی سے متعلق کوششوں پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ وفد نے کہا کہ وزیراعظم نے ہمیشہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے واز اٹھائی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان اور مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کے مابین ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لئے ان کی فائونڈیشن کی جانب سے فراہم کردہ تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے بل گیٹس کو بتایا کہ پچھلے سال انہی دنوں پولیو کے56 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جبکہ رواں سال اب تک محض ایک پولیو کیس رپورٹ ہوا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ رب کریم کی نصرت شامل حال رہی تو آئندہ برس پاکستان مکمل طور پر پولیو سے نجات حاصل کر لے گا۔ وزیراعظم نے بل گیٹس سے پاکستان میں ’’مائیکرو سافٹ انکیوبیشن لیب‘‘ کے قیام کی بھی درخواست کی ہے۔ وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی برائے غذائی تحفظ جمشید چیمہ نے بھی ملاقات کی ہے۔ جمشید چیمہ نے وزیر اعظم کو ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم عمران خان سے متحدہ قومی موومنٹ کے ارکانِ پارلیمنٹ نے بھی ملاقات کی ہے۔ وفد میں رکن قومی اسمبلی خالد مقبول صدیقی اور سینیٹر فیصل سبزواری شامل تھے جبکہ اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں وزیر اعظم کو کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر وفاق کے کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل اور نئے اعلان شدہ منصوبوں کو جلد شروع کرنے کو حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ موجودہ حکومت کراچی کے لوگوں کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ وفاقی حکومت این ایف سی ایوارڈ کے مطابق فنڈز کی بروقت منتقلی کو یقینی بنا رہی ہے مگر سندھ حکومت کی طرف سے صوبائی فنڈر کی منصفانہ تقسیم بھی ضروری ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے اپنے دیرینہ دوست طلعت محمود کی وفات پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ آج میں اپنے دیرینہ دوستوں میں سے سب سے پرانے دوست طلعت محمود عرٖف ٹومو کی رحلت پر بے حد رنجیدہ ہوں۔ طلعت محمود ایسا دوست تھا جو اپنے سب دوستوں کو یاد آتا رہے گا۔