کراچی(نیوز رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر سابق وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میر چنگیز خان جمالی نے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو نے ملک و قوم کے لئے جان کا نذرانہ پیش کرکے جمہوریت کو دوام بخشا ان کی سیاسی بصیرت کی بدولت آمریت کا باب ہمیشہ ہمیشہ کیلئے بند ہوگیا انہیں دنیائے اسلام کی پہلی مسلمان خاتون وزیراعظم ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید بے نظیر بھٹو کے 68 ویں یوم ولادت پرنوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چنگیز خان جمالی نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ان کا نام ہمیشہ سنہرے حروف سے یاد رکھا جائے گا۔ بابائے قوم حضرت قائد اعظم محمد علی جناح‘ شہید ملت خان لیاقت علی خان‘ شہید ذوالفقار علی شاہ کے بعد جو شہرت اور عزت محترمہ بے نظیر بھٹو کو ملی وہ کسی اور پاکستانی سیاستدان کو نصیب نہیں ہوئی۔ پاکستان کی جب بھی سیاسی تاریخ لکھی جائے گی تو شہید بے نظیر بھٹو کا نام سرفہرست ہوگا۔ چنگیز جمالی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی تاریخ قربانیوں سے عبارت ہے پارٹی قائدین سے لیکر جیالوں تک سب نے ملک کے استحکام‘ سلامتی‘ آمریت کے خلاف جدوجہد‘ جمہوریت کی بحالی کیلئے بڑی سے بڑی قربانی دینے سے بھی دریخ نہیں کیا۔ پیپلز پارٹی کا ہر ایک کارکن اپنے شہید قائدین کے مشن کی تکمیل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گا۔