کراچی: 250 تولہ سونا چوری، فیصل بینک کی زمزمہ برانچ کے مزید7 لاکر ٹوٹنے کا انکشاف

کراچی کے علاقے کلفٹن میں فیصل بینک کی زمزمہ برانچ میں لاکر توڑ کر ڈھائی سو تولے سونا چوری کرنے کے مقدمہ کی تفتیش کے دوران بینک کے مزید سات لاکر ٹوٹنے کا انکشاف ہوا ہے۔

تفتیشی حکام کے مطابق پولیس نے ایک روز پہلے بڑی مالیت کے زیورات چوری ہونے کا مقدمہ درج کیا تھا جس کی درخواست بینک حکام نے دی تھی۔

تفتیشی حکام کے مطابق بینک میں چار سو سے زائد لاکرز ہیں۔ پولیس نے لاکر مالکان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ مالکان سامنے آنے کے بعد ہی نقصان کا تخمینہ لگایا جاسکتا ہے۔

ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ محمد عمران مرزا کے مطابق کلفٹن کی رہائشی ڈاکٹر انیتا قاضی کی مدعیت میں درج ایف آئی آر نمبر 293/2021 کی تفتیش کے دوران انہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کلفٹن میں زمزمہ اسٹریٹ پر واقع فیصل بینک کی برانچ کا دورہ کیا۔

پولیس کے مطابق اسٹرانگ روم کے معائنہ کے دوران دیگر تمام لاکرز چیک کیے گئے تو ان میں سے مزید لاکرز پہلے جیسی نوعیت کی واردات کی طرح ٹوٹے ہوئے پائے گئے۔ جن کے مالکان سے رابطہ کرنے کیلئے بینک کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

بینک ذرائع کے مطابق ان لاکرز میں کروڑوں روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی، سونا اور زیورات چوری کی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق ساتوں لاکرز کے نمبرز کی فہرست تیار کرلی گئی ہے۔ ان کے مالکان کو طلب کرکے ہونے والے نقصانات کی تفصیلات جمع کی جائیں گی جس کے بعد مزید مقدمات درج کیے جائیں گے۔

ایس پی عمران مرزا کے مطابق اسی برانچ میں کچھ عرصہ قبل لاکرز توڑے جانے اور اس سے ایک لاکھ ڈالر چوری کی واردات کا مقدمہ درج نہیں کروایا گیا۔

رواں سال اسی برانچ کا ایک اور لاکر توڑ کر 30 لاکھ روپے مالیت کا سونا بھی چوری ہوچکا ہے۔ ایس ایچ او کلفٹن پیر شبیر حیدر کے مطابق اس واردات کی ایف آئی آر بھی کلفٹن تھانے میں درج نہیں۔

ایس ایچ او کلفٹن کے مطابق ایک سال قبل بینک کی اسی برانچ میں آتشزدگی کا ایک واقعہ بھی ہوا تھا جس کی رپورٹ بھی تھانے میں درج نہیں۔

ای پیپر دی نیشن