لاہور کی مقامی عدالت نے طالبعلم سے زیادتی کے ملزم عزیز الرحمان کے جسمانی ریمانڈ میں تین روز کی توسیع کردی۔ عدالتی حکم پر ملزم کا ڈی این اے ٹیسٹ مکمل کروا لیا گیا۔
لاہور میں طالبعلم سے زیادتی کے مبینہ ملزم عزیز الرحمان کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ رانا راشد خان کے روبرو پیش کیا گیا اور ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی گئی۔ پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ملزم عزیز الرحمان پر مدرسہ کے طالبعلم صابر شاہ سے زیادتی کا الزام ہے۔ ملزم عزیز کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ جس کے بعد تھانہ شمالی چھاؤنی میں مقدمہ درج کیا گیا جبکہ ملزم عزیز الرحمان کے بیٹوں پر متاثرہ صابر شاہ کو ڈرانے دھمکانے کا الزام ہے۔پراسیکیوٹر نے بتایا کہ عدالتی حکم پر ملزم کا ڈی این اے ٹیسٹ مکمل کروا لیا ہے۔ ملزم سے مزید تفتیش باقی ہے لہذا مزید جسمانی ریمانڈ درکار ہے۔ عدالت نے ملزم عزیز الرحمان کے جسمانی ریمانڈ میں تین روز کی توسیع کرتے ہوئے ملزم کو اٹھائیس جون کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا ہے۔