ابجلی بحران ،10گھنٹے کی لوڈشیدنگ: منصوبوں پر کام جاری، تکمیل پر شارٹ فال سے نکل جائینگے: وزیر توانائی

اسلام آباد+ کراچی+ کوئٹہ (نامہ نگار+ بیورو رپورٹ) ملک میں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار 217 میگا واٹ تک پہنچ گیا، ملک کے مختلف علاقوں میں 10 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ جبکہ وفاقی وزیر مملکت برائے توانائی حاجی میر محمد ہاشم نوتیزئی نے کہاہے کہ ملک میں بجلی کی شاٹ فال کے خاتمے کیلئے ہمارے چار پانچ پروجیکٹس پرتیزی سے کام جاری ہے جس کے تکمیل سے جو پاور آف جنریشن حاصل ہوگا اس سے بجلی بڑھ جائے گی اور ملک بجلی کے بحران سے نکل جائینگے۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں بجلی کی کل طلب 27 ہزار میگاواٹ اور بجلی کی مجموعی پیداوار 21 ہزار 783 میگاواٹ ہے جبکہ بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار 217 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے۔ زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ اس سے بھی زیادہ ہے جبکہ کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں کے الیکٹرک کی جانب سے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 15 گھنٹوں تک بڑھا دیا گیا۔ ادھر وفاقی وزیر مملکت برائے توانائی حاجی میر محمد ہاشم نوتیزئی نے کہا کہ اس وقت ملک میں بجلی کی طلب 27000 ہزار میگاواٹ ہے جبکہ پیداوار 21 ہزار میگاواٹ ہے جس کو پورے ملک کو چلانے کیلئے ملک بھر میں تقسیم کرتے ہیں اور بجلی کی 6 ہزار میگاواٹ شاٹ فال ہے،حکومت مسلسل کوشش کررہی ہے کہ جو پروجیکٹ ہے وہ جلد مکمل ہو اور امید ہے کہ ہم اس بحران سے جلد نکل آئے، اور ہماری ہرممکن کوشش ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں، بلوچستان میں بجلی کی بہت کمی زیادہ ہے اور ڈیمانڈ پندرہ سو میگاواٹ ہے جبکہ اس وقت بلوچستان کو پانچ چھ سو میگاواٹ بجلی دیا جارہاہیں اس حوالے سے میں نے وزیراعظم کو درخواست ارسال کیاہے اور کوشش ہے کہ بلوچستان کو آٹھ سو سے ایک ہزار میگاواٹ بجلی ملے تو اس سے بلوچستان میں لوڈشیڈنگ چار سے چھ گھنٹے تک ہوگی، اس وقت حکومت کے سرکاری اداروں، زرعی صارفین،اور عام صارفین پر 4سو ارب روپے سے زیادہ کے واجبات ہیں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایک روزہ دورہ مستونگ کے موقع پر واپڈا گریڈ اسٹیشن میں کھلی کچہری میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پرکیسکو کے اعلی حکام  چیف انجینئر ٹی آر جی سمیع اللہ، چیف انجینئر ڈیویلپمنٹ ولی محمد اچکزئی، چیف انجینئر آپریشن شوکت علی جوگیزئی، چیف انجینئر کمرشل یوسف شاہ، ایس ای خضدار سرکل قیوم بنگلزئی،ایکسین جی ایس او محمد اورنگزیب و دیگر بھی انکے ہمراہ موجود تھے
لوڈشیڈنگ

ای پیپر دی نیشن