تینوں جماعتیں ایکسپوز ہو گئیں‘ ثابت ہو گیا کسی کو عوام کی فکر نہیں: سراج الحق

Jun 25, 2022

لاہور‘ گجرات (خصوصی نامہ نگار‘ نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ٹرین مارچ ظالمانہ، کرپٹ اور فرسودہ نظام کے خلاف جہاد ہے۔ قوم اپنے حق کے لیے اٹھے اور جماعت اسلامی کے احتجاج میں شامل ہو۔ حکمرانوں کی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ غریبوں کے لیے دو وقت کی روٹی کمانا مشکل ہو گیا ہے۔ لوگوں میں سکت نہیں رہی کہ اپنے بچوں کے سکول کی فیسیں اور یوٹیلیٹی بلزادا کر سکیں۔ مہنگائی اور بے روزگاری کے طوفان نے عوام کا سب کچھ چھین لیا۔ ایک طرف غریبوں اور مجبوروں کے فاقے اور دوسری جانب حکمرانوں کے قہقہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ ملک میں وسائل کی کمی پہلے تھی نہ اب ہے، مسئلہ کرپٹ نظام اور اس کے رکھوالے ہیں۔ تینوں بڑی جماعتیں اس وقت مرکز، صوبوں میں حکمران ہیں، لیکن ہر آئے روز بحرانوں میں کمی کی بجائے اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات پر ماتم کیا جائے یا ہنسا جائے کہ سالہا سال سے ملک پر مسلط حکمران اب بھی قوم کو یہی بتاتے ہیں کہ وہی مسائل حل کر سکتے ہیں۔ اس وقت صورت حال یہ ہے کہ پی ٹی آئی ایک دہائی سے کے پی، پیپلزپارٹی لمبے عرصے سے سندھ اور ن لیگ سالہا سال سے پنجاب پر حکمرانی کے مزے لے رہی ہے، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی یہی جاگیردار اور وڈیرے حکمران ہیں۔ قوم سوال پوچھتی ہے کہ ان جاگیردار، وڈیروں اور سرمایہ داروں نے ملک کو گزشتہ 7دہائیوں میں کیا دیا؟۔ آج بھی مرکز اور صوبوں میں ایک تماشا جاری اور حکمران جماعتیں مفادات کی جنگ میں الجھی نظر آ رہی ہیں، ثابت ہو گیا کہ کسی کو عوام کی فکر نہیں۔ تینوں جماعتیں بری طرح ایکسپوز ہو گئیں، ملک میں اگر کوئی کرپشن فری جماعت ہے تو وہ صرف جماعت اسلامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین مارچ عوام کے حقوق کے لیے کر رہے ہیں۔ عوام اپنی آئندہ نسلوں کے تحفظ کے لیے گھروں سے نکل کر اس جدوجہد میں شامل ہو جائیں۔
سراج الحق

مزیدخبریں