اسلام آباد(وقائع نگار/نامہ نگار)وفاقی دارلحکومت میں پانی کی شدید قلت،پینے کے پانی کی عدم دستیابی اور حکومتی بے حسی کے خلاف اہلیان ایچ تیرہ، آئی تیرہ، جی تیرہ،شمس کالونی کی جانب سے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیاہے۔اس موقع پر مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ علاقہ میں زیر زمین پانی کی سطح ختم ہونے سے ٹیوب ویل اور پانی کے بور کام چھوڑ چکے ہیں،ٹینکرمافیا من مانے ریٹ وصول کرنے جبکہ بلیک میلنگ پر اترآیاہے جبکہ شہری پانی جیسی بنیادی نعمت سے محروم ہوچکے ہیں اور کہاہے کہ واٹرسپلائی کا پراجیکٹ مکمل کیا جائے،اہل علاقہ کو سی ڈی اے کی جانب سے واٹر ٹینکرز کا کوٹہ مقرر کیا جائے، پرائیوٹ ٹینکرز کے ریٹ فکس اور ہر ٹینکر کی رجسٹریشن کی جائے،مظاہرین نے مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں سری نگر ہائی وے کو بھی بلاک کرنے کا اعلان کیاہے ،مظاہرے کی قیادت مقامی سماجی کارکنوں احسن حامد،ظفرعلی سپرا،اسامہ طاہر،زاہد مغل،صلاح الدین خلیل نے کی۔ شرکا ء نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھارکھے تھے جن پرایچ تیرہ کو پانی دو کے نعرے درج تھے، اس موقع خطاب کرتے ہوئے مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ ایچ تیرہ کے رہائشیوں کو بھی بنیادی انسانی حقوق کا اہل سمجھا جائے اور یہاں کے لوگوں کو پانی جیسا بنیادی حق فراہم کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ پانی نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کا جینا مشکل ہوگیاہے یہاں تک کہ مساجد میں بھی وضو کے لیے پانی دستیاب نہیں ہوتاہے، مظاہرین نے تجویز دی ہے کہ واٹر سپلائی کی سکیم شروع کی جائے، سرکاری سطح پر ٹیوب ویل لگائے جائیں۔