کراچی (اسٹاف رپورٹر )ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ آزاد عدلیہ کے لئے وکلاء برادری کی جدوجہد بے مثال ہے،بار ایسوسی ایشن کا انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ہوتا ہے، کورٹ فیس بار ایسوسی ایشن کے لئے مختص کرنے کے لئے قانون سازی کی جائے گی، یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز بار ایسوسی ایشن میں چیکوں کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر سیکریٹری قانون علی احمد بلوچ، سپریم کورٹ کے سینئر وکیل عابد زبیری، ایڈیشنل ایڈو وکیٹ جنرل سندھ اللہ بچایو سومرو، پیپلز لائرز فورم کراچی ڈویژن کے صدر قاضی بشیر احمد اور دیگر بھی موجود تھے، تقریب کے آغاز میں سابق صدر آصف علی زرداری کی والدہ کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ سندھ کی تمام بار ایسوسی ایشنز کو بلاتفریق و امتیاز 116 ملین روپے کے فنڈز فراہم کئے گئے ہیں، وکلا کے لئے ہیلتھ انشورنس کا اجراء کردیا گیا ہے اور وکلا برادری کو رہائشی پلاٹوں کی فراہمی کے لئے نئی زمین مختص کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ سندھ کے تین بڑے اسپتال جناح اسپتال، NICVD اور NICH میں فوکل پرسن مقرر کئے جائیں گے جو وکلا کو طبی سہولیات کی فراہمی میں ان کی معاونت کریں گے جبکہ انتقال کرجانے والے وکلا کے ورثا کے لئے وظیفہ مقرر کیا جائے گا تاکہ انہیں مالی مشکلات سے محفوظ رکھا جائے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ وکلا برادری کے مسائل کے حل کے لئے میں ہمیشہ ان کے ساتھ ہوں اور رہوں گا، سندھ کی بار ایسوسی ایشنز کو اگلے مالی سال میں فنڈز دینے کے لئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں رقم مختص کردی گئی ہے، انہوںنے کہا کہ قانون، جمہوریت اور آئین کا جتنا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے اتنا کسی اور کا نہیں، پاکستان کے وکلا کا جمہوریت کی بحالی میں اہم کردار ہے، انہوں نے ہمیشہ آزاد عدلیہ کیلئے جدوجہد کی، آزاد عدلیہ کے ساتھ آزاد بار بھی ہونی چاہئے، اس حوالے سے ہم سنجیدگی کے ساتھ آپ کی جدوجہد میں ساتھ دیں گے، وکلا کی ہیلتھ انشورنس کے لئے پریمیم کی رقم سندھ حکومت دے گی، انہو ںنے کہا کہ بار ایسوسی ایشن کی چھوٹی بار کو نظر انداز کردیا جاتا تھا مگر ہم صوبہ سندھ کی تمام بارز کو فنڈز دے رہے ہیں، خواہ سندھ ہائی کورٹ ہو یا ڈسٹرکٹ بار، انہوں نے کہا کہ وکلا لوگوں کو انصاف دلانے میں انتہائی اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس پیشے سے تعلق رکھنے والے افراد معاشرے میں قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں، خاص طور پر ایسے وکلا جو اپنے کام کو عبادت تصور کرتے ہیں اور مکمل محنت اور دیانت سے اپنے فرائض ادا کرتے ہیں، آزاد اور غیر جانبدار عدلیہ ہماری اولین ضرورت ہے جس سے سائلین کو انصاف کی جلد فراہمی میں مدد ملے گی اور معاشرے میں خوشگوار تبدیلی آئے گی، انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے عدالتی نظام کو بہتر اور جدید خطوط پر استوار کرنا ہے جس میں بار ایسوسی ایشن کا کلیدی کردار ہوتا ہے، وکلا برادری کے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کو عدالتوں سے فوری اور مکمل انصاف کی فراہمی بنیادی ترجیح ہونی چاہئے جس کے لئے تمام متعلقہ اداروں کو اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہے، ان شاء اللہ وہ وقت ضرور آئے گا جب ہم اپنے اس مقصد میں کامیاب ہونگے ۔ تقریب سے پیپلز لائزر فورم کراچی ڈویژن کے صدر قاضی بشیر احمد ، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سندھ اللہ بچایو سومرو، سپریم کورٹ کے سینئر وکیل عابد زبیری نے بھی خطاب کیا اور بار ایسوسی ایشنز کو گرانٹ دینے پر سابق صدر آصف علی زرداری، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا شکریہ ادا کیا۔
وکلا کیلئے ہیلتھ انشورنس کا اجرائ، طبی سہولیات کی فراہمی میں معاونت کیلئے بڑے سپتالوں میں فوکل پرسن مقرر ہونگے بارایسوسی ایشن میں خطاب
Jun 25, 2022