پنجاب بھرکی مویشی منڈیوں میں چیک پوسٹیں قائم کرنے کاحکم 

Jun 25, 2022

لا ہو ر(وقائع نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب رائو سردار علی خان نے کہاہے کہ عید قربان کی مناسبت سے صوبے کے تمام اضلاع میں قائم مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے سپر وائزری افسران کو ہدایت کی کہ مویشی منڈیوں کے اطراف میں سٹریٹ کرائم، راہزنی اور مویشی چوری کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں اور صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے منظور کردہ پوائنٹس کے علاوہ کسی اور مقام پر مویشی منڈی لگانے کی اجازت نہ دی جائے۔ رائو سردار علی خان نے ہدایت کی کہ صوبائی دارالحکومت لاہور ، گوجرانوالہ ، فیصل آباد، ملتان اور راولپنڈی سمیت دیگر بڑے شہروں میں خصوصی اقدامات کیے جائیں۔مویشی منڈیوں میں اہم مقامات پر چیک پوسٹیں قائم کی جائیں جبکہ مویشی منڈیوں سے مناسب فاصلوں پر پارکنگ جگہوں کا معقول انتظام رکھا جائے۔ مویشی منڈیوں کے گردونواح میں ٹریفک کے اضافی لوڈ کو برقرار رکھنے کیلئے اضافی نفری کو تعینات کیا جائے اور ٹریفک کے ہموار روانی کو ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ہائی ویز پر بیوپاریوں اور مسافروں کے تحفظ کیلئے پی ایچ پی ٹیموں کی اضافی پٹرولنگ کا انتظام کیا جائے تاکہ مویشی منڈیوں میں قربانیوں کے جانوروں کیلئے آنے جانے والے شہریوں اور بیوپاریوں کو کسی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔نام بدل کر کسی کالعدم تنظیم کو قربانی کی کھالیں اکٹھی نہ کرنے دی جائیں اور خلاف ورزی پر سخت قانونی کاروائی یقینی بنائی جائے۔غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تمام کالعدم تنظیموں کی نگرانی کا عمل مزید موثر بنایا جائے اور کھالیں اکٹھی کرنے یا بیچ کر رقم اکٹھی پر پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیساتھ ساتھ نماز عید اجتما عات کی سکیورٹی کو بھی مد نظر رکھا جائے اور مساجد، امام بارگاہوں اور کھلے مقامات پر ہونے والے عید اجتماعات کی سکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایاجائے۔ حساس اضلاع میں سرچ ، سویپ ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے اور پولیس ٹیمیں سپیشل برانچ اور سی ٹی ڈی کیساتھ مل کر شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائیں۔ 

مزیدخبریں