شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)پیپلز پارٹی کے سٹی صدر و ٹکٹ ہولڈر صوبائی اسمبلی سید ندیم عباس کاظمی نے کہا ہے کہ شہید بے نظیر بھٹو نے ملک میں آئین اور قانون کی حکمرانی ، جمہوریت کی بحالی، مظلوم اور پسے ہوئے طبقات کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیااور سامراجی قوتوں اور آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، جبر و تشدد اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں مگر انکے پایہ استقلال میں کوئی جنبش نہ آئی، ذوالفقار علی بھٹو شہید نے پاکستانی قوم کو جو نظریہ دیا تھا اسے عام کرنے اور پسے ہوئے طبقے کو اوپر لا نے کیلئے شہید بے نظیر بھٹو کا کردار مثالی تھا مگر افسوس آج تک بے نظیر بھٹو کے قاتل گرفتار نہیں ہو سکے، اپنے ایک بیان میں سید ندیم عباس کاظمی نے کہا کہ بینظیر بھٹو مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم ہونے کے علاوہ پاکستان میں جمہوریت کی بحالی ، عدلیہ کی آزادی، آمریت کے خاتمہ اور غریب عوام کے حقوق کے تحفظ کی علمبردار تھیں۔بھٹو خاندان نے ملک و قوم اور جمہوریت کیلئے بڑی سے بڑی قربانی دینے سے بھی دریغ نہیں کیا ۔