اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمشن نے پی پی 167 لاہور ضمنی الیکشن کے دوران ہونے والے فائرنگ کے ناخوشگوار واقعہ کی سماعت کی۔ تفصیلات کے مطابق 23جون 2022 کو مسلم لیگ ن کے امیدوار نذیر چوہان اپنے وکیل کے ہمراہ پیش ہوئے جبکہ پی ٹی آئی کے امیدوار شبیر احمد غیر حاضر رہے تھے۔ تاہم گز شتہ روز سماعت کے دوران تحریک انصاف کے امیدوار شبیر احمد کو کمشن نے ذاتی حیثیت میں طلب کیا تو وہ بمعہ اپنے وکیل کے پیش ہوئے۔ الیکشن کمشن نے سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ الیکشن کمیشن ایک آزاد اور خود مختار ادارہ ہے۔ الیکشن کمیشن آئین و قانون کے مطابق ہر وہ اقدام اٹھائے گا جو شفاف الیکشن کے انعقاد کے لئے ضروری ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے تمام 20 صوبائی حلقوں کی مانیٹرنگ کو مزید موثر بنایا ہے جس میں خاص طور پر حلقہ پی پی 167 لاہور شامل ہے۔ الیکشن کمیشن نے حلقہ پی پی 167 میں ہونے والے واقعہ کی انکوائری کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پولیس کو حکم دیا گیا کہ وہ ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کرے۔ الیکشن کمشن نے حلقہ پی پی 167 کے رزلٹ کو اپنے فیصلے سے مشروط کر تے ہوئے سما عت 7جو لا ئی تک ملتو ی کر دی۔