مہنگائی 1.01 فیصد بڑھ گئی ، ایک ہفتے میںپیاز ، آلو، دالوں ، گھی سمیت 32 اشیاء مہنگی 

Jun 25, 2022

 اسلام آباد (نمائندہ  خصوصی) مہنگائی کی ہفتہ وار شرح میں گزشتہ  ہفتے  کے مقابلے میں 1.01 فیصد جبکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 28.05 فیصد اضافہ ہوگیا۔وفاقی ادارہ شماریات نے 23 جون کو ختم ہونیوالے ہفتے کے دوران مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کردیئے، جس کے مطابق گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح اس سے پچھلے ہفتے کے مقابلے میں 1.01 فیصد بڑھ گئی ہے ۔ گزشتہ ہفتے کے دوران مجموعی طور پر 51 بنیادی اشیائے صرف میں سے 32 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ صرف 4 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی اور 15 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔گزشتہ ہفتے کے دوران جن اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ان میں پیاز، ٹوائلٹ صابن، مونگ دال دھلی ہوئی، گھی، کوکنگ آئل، ماش دال، سگریٹ، انڈے، مسور کی دال، آلو، آٹا، کسی بھی اوسط درجے کے ہوٹل میں دال اور بیف سالن، چائے، تازہ دودھ، بریڈ، باسمتی چاول، دہی، ایل پی جی، لہسن، چینی اور پاؤڈر ملک شامل ہیں۔ گزشتہ ہفتے کے دوران جن 4 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ان میں ٹماٹر، چکن، کیلے اور سرسوں کا تیل شامل ہیں۔دال ماش کی فی کلو قیمت میں 12 روپے 77 پیسے تک کا اضافہ ہوا جبکہ فی درجن انڈے 7 روپے 19 پیسے مہنگے ہوئے۔ برانڈڈ گھی فی کلو 21 روپے تک مہنگا ہوا اور دال مسور کی فی کلو قیمت میں 11 روپے تک اضافہ ہوا۔ ایک ہفتے میں پیاز کی فی کلو قیمت میں 4 روپے 9 پیسے اضافہ ہوا۔ دال مونگ 9 روپے 2 پیسے مہنگی ہوئی۔5 لیٹر کوکنگ آئل ایک ہفتے میں 122 روپے تک مہنگا ہوا اور 5 لیٹر کوکنگ آئل کی قیمت 2 ہزار 770 روپے تک پہنچ گئی۔

مزیدخبریں