گجرات (نامہ نگار) سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین کے بھائی سابق وفاقی وزیر چوہدری وجاہت حسین نے اپنے صاحبزادے ایم این اے چوہدری حسین الٰہی کیساتھ پریس کانفرنس اور مشاورتی اکٹھ میں نئی جماعت بنانے کا اعلان کردیا۔ ظہور پیلیس میں سابق وفاقی وزیر چوہدری وجاہت حسین نے کہا کہ گزشتہ 5 ماہ سے خاندان کو اکٹھاکرنے کی کوشش کی لیکن چوہدری شجاعت حسین کو انکے بیٹوں نے یرغمال بنا رکھا ہے۔ چوہدری شجاعت حسین کو جتنا اولاد خراب کررہی ہے اتنے تو وہ اڈیالہ جیل میں بھی نہیں ہوئے تھے۔ چوہدری شجاعت حسین نے مجھے کہا ہے کہ عوام کو پیغام دو کہ میں اور پرویز الٰہی ایک تھے اور ایک ہیں لیکن لوگوں کو تمام تر حقیقت کا علم ہے وہ بہرے اور اندھے نہیں ہیں۔ چوہدری وجاہت حسین نے کہا کہ کیا وقت آ گیا ہے کہ ایک بھائی کے آگے اور دوسرے بھائی کے پیچھے پولیس نظر آتی ہے۔ چوہدری ظہور الٰہی خاندان کو نہ جانے کس کی نظر لگ گئی۔ شجاعت حسین کی خاندان سے قربت ہوتے دیکھ کر کبھی زرداری، کبھی شہباز شریف ، کبھی مولانا انکے گھر پہنچ جاتے ہیں۔ طارق بشیر چیمہ نے ہمارے خاندان کو تقسیمِ کر دیا ہے اور انہیں یہ موقع گھر کے ہی بیٹوں نے دیا ہے۔ زرداری جتنے پیسے اب بانٹتا پھرتا ہے اتنے چوہدری شجاعت حسین خیرات میں دیا کرتے ہیں۔ افسوس کا مقام ہے کہ شجاعت حسین کا بیٹا زرداری سے ڈالر مانگ رہا ہے۔ ایسی طرز سیاست کبھی ظہور الٰہی نے نہیں کی جیسے کر کے یہ شرمندگی حاصل کررہے ہیں۔ چوہدری شجاعت حسین عمر کے اس حصے میں اولاد کے ہاتھوں مجبور ہو چکے ہیں۔ انشاء اللہ چوہدری پرویز الٰہی اور مونس الٰہی کیساتھ ملکر سیاست جاری رکھیں گے۔ شجاعت حسین کا بیٹا مانگے تانگے کی سیٹ پر پہلے بھی کامیاب ہوا۔ اسکا اپنا کوئی حلقہ نہیں ہے۔ چھوٹے بھائی چوہدری شفاعت حسین کا بھی سن رہا ہوں کہ انہوں نے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ الیکشن لڑنا ہر کسی کا حق ہے سب کو لڑنا چاہیے۔ جیتے گا وہی جس نے عوام کی خدمت کی ہوگی۔ ہم نے کبھی کسی سیاسی جماعت کو چھوڑنے میں پہل نہیں کی۔ جونیجو دور سے لیکر کئی سالوں تک نواز شریف کا ساتھ دیا لیکن جب وہ ہمیں چھوڑ کر جدہ کیلئے جہاز میں بیٹھ گئے تو ہم نے ان سے راہیں جدا کر کے الگ جماعت بنا لی اور اسی طرح مشرف کا ساتھ بھی دیا لیکن اس وقت تک دیا جب تک وہ پاکستان میں رہے جب وہ چھوڑ کر گئے تو ہم بھی الگ ہو گئے۔ اب عمران خان کیساتھ اتحاد کیا اور زبان کی۔ انشاء اللہ اس سے کیا ہوا اپنا وعدہ پورا کرینگے۔ چوہدری شجاعت حسین کے بیٹے سالک حسین کا گجرات کی سیاست سے کبھی کوئی تعلق نہیں رہا۔ دونوں صاحبزادوں کو اگر گجرات کے کسی چوک میں چھوڑ آئیں یا انہیں چکر لگا کر تنہا واپس ظہور پیلس آنے کو کہیں تو دعویٰ سے کہتا ہوں وہ گجرات کے راستوں سے واقفیت نہ ہونے کی وجہ سے ظہور پیلس ہی پہنچ نہ پائیں۔ ایم این اے چوہدری حسین الہی کا کہنا ہے کہ جو مخالفین ہمارے حلقوں، ضلعوں میں ہمیں نہیں ہرا سکے وہ ہمارے گھر میں دراڑیں ڈال رہے ہیں لیکن ہم مخالفین کا دلیری سے مقابلہ کرینگے۔ واپسی کا کوئی راستہ نہیں، ہم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ آئندہ کی سیاست چوہدری پرویز الٰہی، چوہدری مونس الہیٰ کیساتھ ملکر کرینگے۔ جس کے دل میں جو جی چاہتا ہے کر لے انشاء اللہ انہیں پچھتاوے کے سوا کچھ حاصل نہ ہوگا۔