سندھ میں کل بلدیاتی الیکشن کا پہلا مرحلہ ، روکنے کی تمام درخواستیں مسترد 

Jun 25, 2022

اسلام آباد+کراچی (خصوصی نامہ نگار+این این آئی) سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 14اضلاع میں میدان سج گیا، کل اتوار کو پولنگ ہوگی جس کے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ ذرائع الیکشن کمشن کے مطابق سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں اتوار کو چودہ اضلاع میں ووٹنگ ہوگی، الیکشن کے لئے تین کروڑ بیلٹ پیپر تیار کئے گئے ہیں، سندھ کی 143 ٹائون کمیٹیز، 14 ضلعی کونسل، ایک میٹرو پولیٹن کارپوریشن جبکہ 45 ٹائون میونسپل کارپوریشن میں انتخابات ہوں گے، پہلے مرحلہ میں سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد اور میرپور خاص ڈویژن میں ہوں گے۔ دوسری جانب سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے فوج اور رینجرز کی تعیناتی کی منظوری دی جاچکی ہے، فوج اور رینجرز کے اہلکار پولنگ سٹیشنز کے باہر تعینات ہوں گے۔ دوسری جانب  سندھ ہائی کورٹ نے بلدیاتی انتخابات روکنے سے متعلق تمام درخواستیں مسترد کر دیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات وقت پر ہوں گے۔ تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔ جمعہ کو سندھ ہائی کورٹ میں جسٹس جنید غفار کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے درخواستوں کی سماعت کی۔ جسٹس جنید غفار نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ نے تو حکم دیا تھا بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔ وکیل الیکشن کمشن نے کہا کہ ساری غلطیاں الیکشن کمیشن کی طرف سے نہیں ہوتیں۔ الیکشن کمیشن میں غلط معلومات کے اندارج کے باعث کچھ خامیاں رہ جاتی ہیں۔

مزیدخبریں