اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے قوم کو خوش خبری سنائی ہے کہ چین نے 2ارب 30کروڑ ڈالر پاکستان کو منتقل کردیئے ہیں۔ اپنی ٹویٹ میں مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ ’مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ چینی بینکوں کے کنسورشیم نے تقریباً 2.3 ارب ڈالر کی رقم آج سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اکاؤنٹ میں جمع کرادی ہے جس کے بعد ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ گئے ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں قرض کیلئے چینی بینکوں کے کنسورشیم کے ساتھ پاکستان کا معاہدہ ہوا تھا۔ ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ چین کی طرف سے دیا گیا قرض کمرشل ہوگا، قرض پر شرح سود 1.5 فیصد شائبور (شنگھائی انٹر بینک آفر ریٹ) ہوگی۔ چین کی طرف سے ملنے والے قرض سے زرمبادلہ کے ذخائر 10.53 ارب ڈالر ہو گئے۔