اسلام آباد (وقائع نگار) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے پی ٹی آئی مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے15مختلف مقدمات میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کامران بشارت مفتی کی عدالت میں عمران وکیل بابر اعوان کے ساتھ عدالت پیش ہوئے۔ اسد عمر، علی نواز اعوان، شہباز گل اور دیگر پارٹی رہنما بھی ضلع کچہری پہنچے۔ اس موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔ عدالت نے پانچ پانچ ہزار روپے مالیتی مچلکوں کے عوض تھانہ آبپارہ، آئی نائن، کوہسار، کراچی کمپنی، گولڑہ، ترنول اور تھانہ سیکرٹریٹ میں درج10مختلف مقدمات میں ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا اور مقدمات کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت 6 جولائی تک کیلئے ملتوی کردی۔ ادھر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ایسٹ عبدالغفور کاکڑ کی عدالت نے تھانہ بہارہ کہو، سہالہ، کورال اور تھانہ لوہی بھیر میں درج 5مختلف مقدمات میں بھی سابق وزیر اعظم عمران خان کی پانچ پانچ ہزار روپے مالیتی مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس سے ریکارڈ طلب کرلیا اور سماعت 6جولائی تک کیلئے ملتوی کردی۔
مارچ میں توڑ پھوڑ، عمران کی15 مقدمات میں ضمانت منظور
Jun 25, 2022