کراچی(این این آئی)صدر اور کھارادر دھماکوں میں ملوث علیحدگی پسند تنظیم سندھ ریولوشنری آرمی کے دہشت گردوں سے متعلق تفصیلات اور ان کی تصاویر منظر عام پر آ گئی ہیں۔کراچی دہشت گردی میں ملوث دہشت گردوں سے متعلق سی ٹی ڈی حکام نے بتایاہے کہ مبینہ دہشت گرد اللہ ڈنو اور نواب سی ٹی ڈی سے کراچی میں فائرنگ کے تبادلے میں مارے جا چکے ہیں۔صدر دھماکے کے اہم ملزم صابر کھرل کو سی ٹی ڈی کراچی نے گرفتار کر لیا ہے، جبکہ منظور چنا نامی مبینہ دہشت گرد کو حیدر آباد سے گرفتار کیا گیا، منظور چنا اندرون سندھ ریلوے پٹریوں پر بلاسٹ میں بھی ملوث رہا ہے۔سی ٹی ڈی نے چند روز قبل یونیورسٹی روڈ کشمیر پارک کے قریب سے سرمد علی اور ثناء اللہ کو بھی گرفتار کیا، سی ٹی ڈی کے مطابق دونوں ملزمان تعلیمی اداروں میں طلبہ کی پاکستان مخالف ذہن سازی کرتے تھے اور سوشل میڈیا پر بھی پاکستان مخالف پروپیگنڈا میں ملوث ہیں۔علیحدگی پسند تنظیم کے لیے دہشت گردی کرنے والے پولیس اہل کار دلبر علی نے بھی دوران تفتیش اہم انکشافات کیے، دلبر علی علیحدگی پسند تنظیم کے اہم رکن عاقب چاندیو کا قریبی ساتھی اور کلاس فیلو تھا۔سی ٹی ڈی نے دلبر علی کے قریبی 2 پولیس اہل کاروں کو بھی شامل تفتیش کر لیا ہے، سی ٹی ڈی نے 3 اہم ملزمان اصغر شاہ، ذوالفقار خاصخیلی اور رسول بخش کے گرد بھی گھیرا تنگ کر دیا ہے۔
تصاویر منظر عام