محمد جنید جتوئی
حکومت پنجاب کے فوری اقدامات کی تکمیل کیلئے کمشنرڈیر ہ غازیخان ڈویژن نے چاروںاضلاع کے ڈپٹی کمشنرحضرات کیساتھ معائنہ کیلئے دوروںکا سلسلہ شروع کیاہے۔اس دوران انہوںنے سستا آٹا ، کھاد کی دستیابی ، دیہی مرکز مال اور چیک پوسٹوں کی چیکنگ ، گندم ، کھاد اور آٹا کی سمگلنگ کی روک تھام ، لائیو سٹاک فارم اور ترقیاتی منصوبوںکی انسپکشن کے علاوہ لوگوںسے ملاقات کر کے معلومات حاصل کیں۔کمشنر ڈی جی خان نے زیرتعمیرمدراینڈچائلڈہسپتال،اے سی آفس سمیت دیگر تعمیراتی کاموں کا بھی جائزہ لیا۔ شہرمیں قائم آٹااور کھاد سیل پوائنٹس،کسان سہولت سنٹروںاور سبزیوں، پھلوں کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کے لئے قائم ہمدرد شاپ کا بھی معائنہ کیااور عوام سے گفتگوکرتے ہوئے سہولیات بارے دریافت کیا۔
کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن محمد عثمان انور نے گزشتہ دنوں ضلع لیہ میں مصروف ترین دن گزارا گرمی کی شدت کے باوجود فیلڈ میں کھاد کے سیل پوائنٹس اوردریائی علاقے کا معائنہ کیا۔ عوامی ریلیف کے اقدامات کی خود نگرانی کی اور متعدد اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے حکومت پنجاب کے حالیہ اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔اس دوران ڈپٹی کمشنر محمد شہباز حسین بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر ڈی جی خان نے کوٹ سلطان کے نشیبی علاقے بکھری احمد خان اور شاہ والا گرائن سپر بند کا معائنہ کیا۔انہوں نے اس موقع پر ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ دریائی پشتوں کی مضبوطی کے لئے جہاں ضروری ہو پتھر سے پچنگ کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ حفاظتی بند پر عارضی گزر گاہوں، ریمپ کا خاتمہ کیا جائے۔ ممکنہ سیلاب کے خدشہ کے پیش نظر حفاظتی اقدامات اور تعمیرومرمت کے کام کو تیز کیا جائے۔ ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کے لئے کنٹرول روم کو بروقت اطلاع دی جائے۔ اس موقع پرانہوں نے گندم کی زیادہ پیداوار کا مقابلہ جیتنے والوںمیںحکومت پنجاب کی طرف سے انعامی چیک تقسیم کئے۔ان مقابلوں میں فی ایکڑ گندم کی زیادہ پیداوار کا پہلا انعام 3 لاکھ روپے کاشتکار غلام رسول نے، دوسرا اور تیسرا انعام بالترتیب 2 لاکھ اور ایک لاکھ روپے محمد اقبال اور محمد مشتاق نے وصول کیا۔کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن محمد عثمان انورنے کاشتکاروں سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ زراعت اور کاشتکار پاکستان کے لئے لازم و ملزوم ہیں خوشحال کاشتکار اور کسان ہی فوڈ سکیورٹی کے ضامن ہیں۔ کمشنر ڈی جی خان نے ڈی سی آفس کمیٹی روم میں سپیشل افراد میں وائٹ کین اور وہیل چیئر بھی تقسیم کیں۔انہوںنے مخیرحضرات پر زور دیا کہ سپیشل افراد کی فلاح کیلئے آگے آئیں ۔
ڈی سی آفس میں تقریب کے دوران کمشنر کو سرائیکی اجرک اور خطے کی پہچان پگڑی پہنائی گئی۔کمشنر محمد عثمان انورکو پولیس کے چاق و چوبنددستے نے سلامی دی اور مارچ پاسٹ پیش کیا۔ یہاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر محمد عثمان انورنے کہاکہ مارکیٹوں میں کھانے پینے کی بیماریوں سے پاک اعلی درجے کی بہتراشیاء کی موجودگی کویقینی بنایاجائے تاکہ صحت مندخوراک میسر ہو اور ہسپتالوں پر مریضوں کابوجھ کم ہوسکے۔
کمشنر ڈیرہ غازی خان نے ضلع راجن پورکے دورہ کے موقع پر کھاد سیل پوائنٹس،اسپتال،سستا آٹا پوائنٹ،امتحانی مرکزاور کیٹل فارم کا معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر راجن پور جمیل احمد جمیل اوردیگر افسران موجود تھے۔ کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان انور نے کھاد سیل پوائنٹ پر موجود کسانوں سے مسائل سنے اور موقع پر احکامات جاری کئے۔اس موقع پر کمشنر کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق کھاد سیل پوائنٹس پر کسانوں کوسرکاری ریٹ پر کھاد فراہم کی جا رہی ہے۔کھاد کی فروخت کا اندراج رجسٹر میں کیا جائے۔بعد ازاں انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال جام پور کا دورہ کیا اور ہسپتال میں مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا۔دورہ کے اختتام پر انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلعی افسران کے اجلاس کی صدارت کی۔ڈپٹی کمشنر راجن پور جمیل احمد جمیل نے ضلع میں جاری ترقیاتی کاموں بارے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں ضلعی افسران کے علاوہ چیئر مین پرائس کنٹرول کمیٹی راجن پور سردار عبدالعزیز خان دریشک اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
کمشنر محمد عثمان انور نے چارج سنبھالنے کے پہلے روز طیب اردگان ہسپتال مظفرگڑھ ، دیہی مرکز صحت سرور والی اور ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازیخان ، سپورٹس کمپلیکس ، ای لائبریری اوردیگر شعبوں کا تفصیلی دورہ کیا ۔ انہوںنے طیب اردگان ہسپتال کی عمارت کی بحالی ، انتظار گاہ اوردیگر سہولیات کے حوالے سے سفارشات حکام کو ارسال کیں دوسرے روز انہوں نے گرلز ہائر سکینڈری سکول ، اے پی ایس میموریل ہائی سکول ، ماڈل بازار اوردیگر سرکاری اداروں کا معائنہ کیا اور پانی کیلئے استعمال ہونے والے کین اور دیگر اشیاء پر تحفظات کا اظہار کیا۔ ڈپٹی کمشنر آفس ڈیرہ غازی خان کے دورہ کے موقع پر ڈی سی محمد انور بریار نے کمشنرکا استقبال کیا۔کمشنر نے ڈی سی آفس کی مختلف برانچوں کا معائنہ کیا یہاں اے ڈی سی احمد حسن رانجھا نے ضلع کونسل بارے کمشنر کو بریفنگ دی۔کمشنر نے ڈی جی خان شہر میں صفائی کے مثالی نظام ، سیوریج اور واٹر سپلائی کے مسائل حل کرنے کیلئے انتظامیہ کو خصوصی ٹاسک دیا ۔ وزیر اعلی حمزہ شہباز شریف کی طرف سے ڈی جی خان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کیلئے پانچ ڈمپر اور چار ٹریکٹر سمیت دیگر مشینری مہیا کی گئی ہے جن کمشنر نے افتتاح کیا۔ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کیلئے نئی مشینری کی چابیاں سابق ایم پی اے سید عبدالعلیم شاہ کے نے متعلقہ حکام کے حوالے کیں۔
کمشنر محمد عثمان انور اور ڈپٹی کمشنر محمد انور بریار نے سمینہ سادات کی بستی بھائی کا بھی دورہ کیا اور دریائی کٹاؤ سے متاثرہ علاقے کا پیدل چل کر مشاہدہ بھی کیا۔ کمشنرنے دریائی کٹاؤ کو روکنے کیلئے حفاظتی بندوں کو مضبوط کر کے پانی کے بہاؤ کا رخ موڑنے اورممکنہ سیلاب سے بچاؤکیلئے جامع حکمت عملی کی ہدایت کی۔ ساتھ ہی دریائی کٹاؤ کے علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کو بھی نکالا جائے۔