ملک سہیل پاکستان ویسٹرن کینیڈا ٹریڈ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل مقرر

کراچی(کامرس رپورٹر)معروف تاجر رہنما ملک سہیل حسین کو کاروباری برادری کے لئے انکی خدمات کے پیش نظرپاکستان ویسٹرن کینیڈا ٹریڈ ایسوسی ایشن  کا سیکرٹری جنرل مقرر کر دیا گیا ہے۔پاکستان ویسٹرن کینیڈا ٹریڈ ایسوسی ایشن (پی ڈبلیو سی ٹی اے) کی صدر بشریٰ رحمٰن نے یہ اعلان وینکوور میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل آفس میں منعقدہ ایک سادہ مگر پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں سفارت کاروں، کاروباری شخصیات اور سرکاری افسران نے شرکت کی۔وینکوورمیں پاکستان کے قونصل جنرل جان باز خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔اس موقع پر بشریٰ رحمان نے کہا کہ یہ فیصلہ ملک سہیل حسین کی پاکستان کی برآمدات اور امیج کو بڑھانے اور دونوں ممالک کی تاجر برادری کو قریب لانے کی کوششوں کے پیش نظر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک سہیل دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے میں ہماری مدد کریں گے کیونکہ انہوں نے ایف پی سی سی آئی، سارک چیمبر، یو بی جی، آئی ڈبلیو سی سی آئی اور آئی سی سی آئی میں اہم عہدوں پر خدمات انجام دیتے ہوئے بہت سے کاروباری اداروں اور افراد کی خدمت کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ بہتر کاروباری ماحول پیدا کریں گے شراکت داری کو پروان چڑھائیں گے اور مثبت مسابقت کو یقینی بنائیں گے۔اس موقع پر قونصل جنرل جان باز خان نے کہا کہ وہ ملک سہیل کو ٹریڈ باڈی کا سیکرٹری جنرل مقرر کرہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اورامید کرتے ہیں کہ وہ نئے کاروباری آئیڈیاز مارکیٹنگ شراکت داروں کو قریب لانے اور اسٹریٹجک پارٹنرشپس کی بنیاد رکھیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ملک سہیل کی صلاحیتوں اور کوششوں پر مکمل اعتماد ہے اوروہ اس مقصد کو فروغ دینے کے لیے اپنے تمام وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ملک سہیل نے کہا کہ وہ بشریٰ رحمان کے فیصلے کو اپنے لئے ایک اعزاز سمجھتے ہیں اور وہ کینیڈا میں پاکستانی مصنوعات کی توقعات پر پورا اترنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت کے وسیع امکانات موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھانا ضروری ہے۔دریں اثنا، یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر، صدر زبیر طفیل، سابق سینئرنائب صدر ایف پی سی سی آئی عامر عطا باجوہ ،سابق نائب صدرطارق حلیم ، شبنم ظفراور دیگر کاروباری رہنماؤں نے انہیں نئی تقرری پر مبارکباد دی ہے، ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا۔
تاجر رہنما ملک سہیل 

ای پیپر دی نیشن