کراچی ر(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈکے بورڈ آف گورنرز نے سنٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی تعداد اور معاوضوں میں اضافے کی منظوری دیدی جبکہ مالی سال 23-2022 کیلئے 15 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری بھی دیدی،منظور شدہ بجٹ کا 78 فیصد حصہ کرکٹ سے متعلقہ سرگرمیوں پر خرچ کیا جائیگا، مینزریڈ اور وائٹ بال کے علیحدہ علیحدہ کنٹریکٹس کے بعد سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کی تعداد 20 سے بڑھا کر 33 کردی گئی۔ ویمنز سنٹرل کنٹریکٹ میں ماہوار وظیفہ میں15 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ کھلاڑیوں کی تعداد 20 سے بڑھا کر 25 کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔بی او جی نے پاکستان کرکٹ فاونڈیشن کے قیام کی بھی منظوری دی ۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کا 69واں اجلاس نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور میں منعقد ہوا، جہاں مالی سال 23-2022 کیلئے 15 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔منظور شدہ بجٹ کا 78 فیصد حصہ کرکٹ سے متعلقہ سرگرمیوں پر خرچ کیا جائیگا۔اس میں مینز اور ویمنز کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ، بین الاقوامی اور ڈومیسٹک ایونٹس سمیت پاکستان سپر لیگ 8 اور پاکستان جونیئر لیگ کے افتتاحی ایڈیشن کے انعقاد بھی شامل ہیں۔اے سی سی ایشیاکپ 2023 ء اور آئی سی سی چیمپنز ٹرافی 2025ء کے پاکستان میں انعقاد کے پیش نظر بی او جی نے انفراسٹرکچر اور سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کیلئے فنڈز کی منظوری دیدی ہے۔ اس میں فلڈ لائٹس، ڈریسنگ رومز، تماشائیوں کیلئے نئی کرسیاں اور ری پلے سکرینز شامل ہیں۔ملازمین کے بچوں کی تعلیم کیلئے سکولنگ الاؤنس بھی متعارف کروانے کی منظوری دیدی ہے۔ ریڈ اور وائٹ بال کے علیحدہ علیحدہ کنٹریکٹس کے بعدسنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کی تعداد 20 سے بڑھا کر 33 کردی گئی۔ بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے پر دستک دینے والے کھلاڑیوں کیلئے سنٹرل کنٹریکٹ میں اضافی کٹیگری "ڈی کٹیگری" متعارف کروادی گئی۔سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کے ماہوار وظیفہ میں اضافہ کیا گیا ہے، تینوں طرز کی کرکٹ کی میچ فیس میں 10، 10 فیصد ،نان پلیئنگ پلیئرز کی میچ فیس میں 50 سے 70 فیصد اضافہ کیا گیا ۔ کپتان کیلئے خصوصی الاؤنس بھی متعارف کروادیا گیا۔ ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت ایلیٹ کھلاڑیوں کیلئے خصوصی رقم مختص کردی گئی تاکہ وہ مکمل فٹ اور پاکستان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کیلئے دستیاب رہیں۔ویمنز سنٹرل کنٹریکٹ کی ہر کٹیگری میں شامل ویمن کرکٹر کے ماہوار وظیفہ میں 15 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ کھلاڑیوں کی تعداد 20 سے بڑھا کر 25 کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔سال 23-2022ء کیلئے مینز اور ویمنز سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کی فہرست کا اعلان جلد کردیا جائیگا۔ ان کنٹریکٹس کا اطلاق یکم جولائی2022ء سے ہوگا۔
سنٹرل کنٹریکٹ میں کرکٹر ز کی تعداد معاوضوں میں اضافہ
Jun 25, 2022