حکومت نے کاروبار پر ٹیکس لگایا، جس کا پیسہ عوام دیں گے، فواد چودھری

Jun 25, 2022 | 16:42

ویب ڈیسک

سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ حکومت نے کاروبار پر ٹیکس لگایا ہے  جس کا پیسہ عوام دیں گے۔سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور پی ٹی آئی کے رہنما فواد چودھری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی سیاسی جماعت انتخابات سے ڈر نہیں سکتی جبکہ کراچی کے ضمنی انتخاب میں لوگوں نے ایم کیو ایم اور دیگر جماعتوں کو مسترد کر دیا اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کال پر 90 فیصد ووٹرز ووٹ کاسٹ کرنے نہیں آئے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف، آصف زرداری اور ایم کیو ایم انتخابات سے کیوں ڈر رہے ہیں ؟ یہ لوگ ملک کو دیوالیہ کرنے کی طرف بڑھانا چاہتے ہیں جبکہ سرکاری جہاز پر وزیر اعظم تعزیت کے لیے نواب شاہ گئے۔فواد چودھری نے کہا کہ ان لوگوں نے کہا امیروں پر ٹیکس لگایا لیکن اصل میں انہوں نے کاروبار پر ٹیکس لگایا ہے۔ عمران خان پاکستان کو جوڑنے کی بات کرتے ہیں اس لیے ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم نے مل کر اس ملک کو آگے لے کر جانا ہے۔ عوام کا حکومت پر اعتماد مکمل ختم ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم تو افغانستان کی کرنسی سے بھی مقابلہ نہیں کر پا رہے۔ اراکین اسمبلی پارلیمنٹ لاجز میں رہنے کے پیسے دے رہے ہوتے ہیں جبکہ کینڈی کریش چیمپئن کی پوری ٹیم ملک کا بیڑہ غرق کر رہی ہے۔پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ حالیہ گیلپ سروے میں 76 فیصد لوگوں کی رائے ہے کہ انتخابات واحد راستہ ہیں، امپورٹڈ حکومت نے پاکستانی روپیہ کو غیر مستحکم کیا اور بدترین مہنگائی کے ساتھ کاروبار پر ٹیکس لگا دیا اور کاروبار پر ٹیکس کا پیسہ عوام دیں گے جبکہ مریم نواز کو سرکاری سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔

 
 

مزیدخبریں