لاہور(سپورٹس رپورٹر)عالمی ایکواٹکس سوئمنگ چیمپئن شپ روواں سال جولائی میں جاپان میں کھیلی جائے گی۔جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے مرد اور خواتین سوئمرز 42 ایونٹس میں حصہ لیں گے۔ چیمپئن شپ 14 سے 30 جولائی تک جاپان کے شہر فوکوکا میں کھیلی جائیگی۔ پاکستان سوئمنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل احمد علی خان نے بتایا کہ شیڈول کے مطابق عالمی ایکواٹکس سوئمنگ چیمپئن شپ میں سوئمنگ کے چار مقابلے رکھے گئے ہیں جن میں ڈائیونگ (غوطہ خوری) اور آرٹسٹک تیراکی کے مقابلے 14 سے 22 جولائی تک منعقد ہونگے جبکہ اوپن واٹر سوئمنگ کے مقابلے 15 سے 20 جولائی تک، واٹر پولو کے مقابلے 16 سے 29 جولائی تک، سوئمنگ کے مقابلے 23 سے30 جولائی تک اور ہائی ڈائیونگ کے مقابلے 25 سے 27 جولائی 2023 تک کھیلے جائیں گے۔ پاکستان سوئمنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل احمد علی خان نے بتایا کہ عالمی سوئمنگ چیمپئن شپ میں چار سوئمرز پاکستان کی نمائندگی کریں گے جن میں دو مرد اور دو خواتین سوئمرز شامل ہیں مرد سوئمرز میں سید محمد حسیب طارق اور محمد امان صدیقی جبکہ خواتین میں بسمہ خان اور جہارا نبی شامل ہیں۔