لاہور(سپورٹس رپورٹر)سپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز میں پاکستان نے مزید 2 گولڈ میڈلز جیت لیے جس کے بعد گولڈ میڈلز کی مجموعی تعداد 9 ہوگئی۔پاکستان کے محمد لقمان نے اسپیشل ورلڈ گیمز کی 100 میٹر ریس میں گولڈ میڈل جیت لیا۔ محمد لقمان نے 100 میٹر ریس کافاصلہ15.21 سیکنڈز میں مکمل کیا۔اس کے علاوہ انہوں نے لانگ جمپ میں بھی دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے سلور میڈل اپنے نام کیا۔پاکستان کے میر واعظ نے 3000میٹر ریس میں سلور میڈل جیتا، انہوں نے فاصلہ 10 منٹ اور 11 سیکنڈ میں مکمل کیا۔پاورلفٹنگ میں حبیب اللہ نے 83 کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں ڈیڈ لفٹ میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔ انہوں نے سکواٹ، بینچ پریس اور کمبائنڈ ویٹ میں بھی سلور میڈلز اپنے نام کیے۔سپیشل اولمپک ورلڈ گیمز میں پاکستان اب تک مجموعی طور پر9 گولڈ میڈلز جیت چکا ہے۔فیلڈ ہاکی کے مکس ایونٹ میں پاکستان نے برونز میڈل جیتا، تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان نے پیراگوئے کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دی۔سوئمنگ کی 50 میٹر فری سٹائل میں پاکستان کے حسن پٹیل نے برونز میڈل جیت لیا جبکہ ٹینس ایونٹ کے ویمنز سنگل ایونٹ میں پاکستان کی سعدیہ جنید نے سلور میڈل جیتا۔باسکٹ بال ایونٹ میں پاکستان یونیفائڈ مینز نے پاکستان یونیفائڈ مکس کو شکست دیکر برونز میڈل اپنے نام کرلیا۔