لاہور(کامرس رپورٹر )سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے ممتاز بزنس مین اور مخیر شخصیت شہزادہ داﺅد اور ان کے بیٹے سلمان داﺅد کے آبدوز کے المناک حادثے میں انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ گزشتہ روز ایک تعزیتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ شہزادہ داﺅد اور ان کے بیٹے کے انتقال کی خبر سن کر انہیں بہت دکھ پہنچا ہے۔ اس مشکل وقت میں وہ داﺅد فیملی سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ شہزادہ داﺅد کو ان کی قابل قدر خدمات کی وجہ سے طویل عرصہ تک یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے معاشرے کے غریب طبقے اور کاروباری دنیا کیلئے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کے علاوہ داﺅد فیملی نے سوشل کارپوریٹ سیکٹر کے منصوبوں کو آگے بڑھانے میں بھی اچھی شہرت حاصل کی جن کا مقصد معاشرے کے پسماندہ افراد کی فلاح و بہبود ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو یہ ناقابل تلافی نقصان صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔