واشنگٹن (نیٹ نیوز) امریکا کی خفیہ ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس چین کی لیبارٹری میں تیار کیے جانے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ امریکا کے ڈائریکٹر آف نیشنل انٹلیجنس کے دفتر کی 4 صفحات پر مشتمل رپورٹ میں اعتراف کیا گیا ہے کہ کرونا وائرس کی چین کے شہر ووہان کی لیبارٹری میں تیار کرنے کے شواہد نہیں ملے ہیں۔ امریکی خفیہ ایجنسیوں کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ہے کہ یہ بات اب تک ثابت نہیں ہو سکی ہے کہ عالمی وبا کرونا وائرس کی ابتدا ووہان کی لیبارٹری سے ہوئی۔ سی آئی اے سمیت دیگر ایجنسیاں اب تک کرونا وائرس کی ابتدا کے مقام کے تعین میں ناکام رہی ہیں۔