ہیوسٹن میئر الیکشن: شیلا جیکسن‘ ایم جے خان بھی دوڑ میں شامل‘ پاکستانی کمیونٹی تقسیم ہو گئی

ہیوسٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکہ کی ریاست ٹیکساس میں ہیوسٹن میئر کی دوڑ کئی لحاظ سے پاکستان اور پاکستانی امریکنز کیلئے دلچسپی کا باعث بن گئی۔ ہیوسٹن میئر کیلئے امیدواروں میں نہ صرف کانگریس میں پاکستان کاکس کی سربراہ شیلا جیکسن بلکہ پاکستان امریکن انجینئر ایم جے خان بھی شامل ہیں۔ ایم جے خان کا تعلق سندھ سے ہے۔ وہ کراچی کی این ای ڈی یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہیں۔ ہیوسٹن سٹی کونسل کے رکن رہ چکے ہیں اور انہوں نے سن 2012ء میں ٹیکساس کے ایوان کا الیکشن بھی لڑا تھا مگر شکست کھا گئے تھے۔ سات نومبر کو ہونے والے میئر کے انتخابات میں یوں تو پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد ایم جے خان کی حمایت کر رہی ہے مگر پاکستان کاکس کی سربراہ ہونے کے سبب شیلا جیکسن کو بھی کمیونٹی کے بڑے حلقے کی حمایت حاصل ہے۔ شیلا جیکسن کی بحیثیت میئر امیدوار توثیق کرنے والوں میں پولیس محکمہ کے نامور پاکستانی امریکن کیپٹن ناصر عباسی بھی شامل ہیں۔ افریقین امریکن رکن کانگریس شیلا جیکسن کا نام پاکستانی حلقوں میں اس وقت گونجا تھا جب وہ امریکہ کے سابق صدر بل کلنٹن کے ساتھ پاکستان آئی تھیں۔ عینی شاہدین کا دعویٰ تھا کہ شیلا جیکسن پروٹوکول کی گاڑی میں بیٹھنے سے رہ گئی تھیں تو بل کلنٹن نے اپنی گاڑی رکوا کر انہیں ساتھ بٹھایا تھا۔ کشمیر میں سن دو ہزار پانچ میں تاریخی زلزلہ آیا تو شیلا جیکسن امداد لیکر پہنچی تھیں۔ انہوں نے ایسا ہی پچھلے برس آئے سیلاب کے موقع پر بھی کیا تھا۔ شیلا جیکسن چودہ بار رکن کانگریس منتخب ہو چکی ہیں اور عام انتخابات میں کبھی بھی انہیں 70 فیصد سے کم ووٹ نہیں ملے‘ تاہم ان کے ایک اور مدمقابل 72 برس کے وٹمائر تیس برس سے زائد عرصہ سے ریاست کے سینیٹر ہیں اور ایمپلائز یونینوں میں مقبولیت کے سبب ہیوی ویٹ سمجھے جاتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن