قربانی کے صحتمند جانوروں کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے محکمہ لائیوسٹاک متحرک

Jun 25, 2023


لاہور(نیوز رپورٹر)عیدالاضحی پر شہریوں کو قربانی کے صحتمند جانوروں کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے محکمہ لائیوسٹاک پوری طرح متحرک ہے۔ محکمہ لائیوسٹاک کے ترجمان کے مطابق نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ہدایات کے تحت پنجاب بھر میں قربانی کے جانوروں کے سیل پوائنٹس پر لائیوسٹاک کا عملہ تعینات کیا گیا ہے۔ نگران وزیر لائیوسٹاک ابراہیم حسن مراد خود بھی تمام صورتحال کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ہر ضلع میں لائیوسٹاک کی موبائل ٹیمیں بھی فیلڈ میں موجود ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ مویشیوں کی بیماری لمپی سکن کی روک تھام کیلئے بھی اقدامات کئے گئے ہیں۔ ترجمان نے اپیل کی کہ بیوپاری حضرات محکمہ لائیوسٹاک کی جاری کردہ ہدایات پر عملدر آمد یقینی بنائیں۔ 

ترجمان نے واضح کیا کہ ویکسی نیشن کے بغیر کوئی جانور سیل پوائنٹ پر نہیں لایا جاسکتا۔ ہر ضلعی انتظامیہ کو جانوروں میں کسی بیماری کی صورت میں قرنطینہ کیمپ بھی لگانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مقررہ سیل پوائنٹ کے سوا کسی جگہ جانور فروخت کرنے کی اجازت نہیں۔

مزیدخبریں