لاہور 2(نیوز رپورٹر) وزیر پرائمری ہیلتھ و بہبود آبادی پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے بنیادی مرکز صحت تریٹ، تحصیل مری کا اچانک دورہ کیا اور غیر حاضری اور عوامی شکایات پر تمام عملے کو معطل کر دیا۔ مرکز صحت میں تعینات تینوں ایل ایچ وی تقریبا ایک مہینہ سے غیر حاضر تھیں۔ اس کے علاوہ ویکسینیٹر، لیب ٹیکنیشن، ڈرائیور اور سکیورٹی گارڈبھی ڈیوٹی پر موجود نہ تھے۔ صوبائی وزیر نے طبی عملے کی غیر حاضری اورصفائی کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کیا۔ مقامی لوگوں نے بنیادی مرکز صحت تریٹ کے عملے کے رویے اور علاج کی عدم سہولت کے حوالے سے شکایات کے انبار لگا دیئے۔ڈاکڑ جمال ناصر نے مریضوں کو ادویات کی عدم فراہمی پر شدید غصے کا اظہار کیا۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ بنیادی مرکز صحت تریٹ کو ایمبولینس سروس مہیا کر دی گئی ہے۔پنجاب حکومت صحت عامہ کے شعبہ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنا شعبہ صحت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔کسی قسم کی کوتاہی بررداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مقامی آبادی کو علاج معالجے کی معیاری سہولتوں کے فراہمی کے لئے خود دورے کرر رہا ہوں۔
ڈاکٹر جمال ناصر کا چھاپہ، بنیادی مرکز صحت تریٹ، تحصیل مری کا عملہ معطل
Jun 25, 2023