انجمن حمایت اسلام نے ملازمین کی تنخواہوں میں30 فیصداضافہ کر دیا

Jun 25, 2023

لاہور (خصوصی نامہ نگار) انجمن حمایت اسلام کی انتظامیہ نے موجودہ ہوشربا مہنگائی کے پیشِ نظر تمام ملازمین انجمن کی تنخواہوں میں 30 فیصد ایڈہاک ریلیف کا اضافہ کیا ہے۔ سیکرٹری جنرل میاں محمد منیر نے بجٹ2023-24ع پیش کرتے ہوئے کہا کہ انجمن حمایت اسلام کے صدر سیّد ضیا حیدر رضوی نے تمام زیرِ انتظام اداروں کی کمیٹیوں کے اجلاسوں میں گذشتہ برس بذاتِ خود شرکت کر کے حالات سے آگاہی حاصل کی اور برموقع فیصلے کرنے کا مو¿ثر لائحہ عمل اختیار کیا۔ سیّد ضیا حیدر رضوی نے کہا کہ انجمن حمایت اسلام نہ صرف اپنے تعلیمی اداروں میں بہترین سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ درس و تدریس کا معیار مزید بہتر بنا رہی ہے۔ بل کہ یتامیٰ بچوں اور بچیوں کا معیارِ زندگی بھی مثالی ہو چکا ہے۔ انجمن کے ذرائع آمدن میں اضافے کیلئے بھی ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا جا چکا ہے۔انھوں نے اراکین کے آبا و اجداد کے نام پر ”یادگار فنڈ“ کے قیام کا اعلان کیا، تاکہ نسلِ نو ان کی خدمات سے آشنا رہے۔ جسٹس رستم علی ، خادم حسین جرال، ڈاکٹر شوکت علی، سینیٹر ولید اقبال، الطاف الرحمن، مدثر لطیف راں، میاں شاہد لطیف، میاں افتخار احمد، خواجہ مشتاق ، سہیل محمود ، ڈاکٹر فاروق احمد و دیگر اراکینِ مجلسِ عاملہ اور جنرل کونسل نے متفقہ طور پر بجٹ کی منظوری دی۔

مزیدخبریں