سیاسی وابستگیوں پر ریاستی مفادات کو فوقیت دیں: وزیر قانون

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑکی  امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں کانگریس رہنماؤں، سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے سینئر اہلکاروں اور پاکستانی کمیونٹی رہنماؤں سے ملاقات کی ہے۔ وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانی ملک کا بیش قیمتی اثاثہ ہیں۔ دیارِ غیر میں ریاستی مفادات کو اپنی سیاسی وابستگیوں پر فوقیت دی جائے۔ سفارتخانہ پاکستان واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی کمیونٹی رہنماؤں اور مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے معززین سے بات چیت کرتے ہوئے وزیرِ قانون نے کہا کہ بدقسمتی سے بعض مفاد پرست عناصر کی جانب سے سمندر پار پاکستانی کمیونٹی میں تفرقہ ڈالنے اور انہیں اپنے ہی وطن اور حکومت سے بدگمان کرنے کی خاطر انتہائی مضحکہ خیز پراپیگنڈہ کیا جار ہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ایک طرف سمندر پار پاکستانیوں کو اپنے ہی ملک کے خلاف بیرونی حکومتوں اور قانون سازوں سے رجوع کے لئے اکسایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز کے حوالے سے حکومت پاکستان کی جانب سے نہ تو کوئی لسٹ بنائی گئی ہے اور نہ اس حوالے سے کوئی اور ایسا اقدام اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا  کہ  دنیا کا کوئی بھی مہذب معاشرہ اپنے قابل فخر اداروں اور شہداء پر حملہ برداشت نہیں کرسکتا‘ علاوہ ازیں وزیرقانون نے کانگریس کے مختلف اراکین جن میں ایلیکس مونی،جم بیئرڈ،  اینڈی ہیرس اور کانگریسی  رکن شیلا جیکسن لی  شامل ہیں سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سفارت خانہ پاکستان واشنگٹن میں سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ لیگل بیورو کے سینئر اہلکار  رچرڈ وائیسک اور ان کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیرِ قانون نے دونوں ملکوں کے درمیان  تعاون کو فروغ دینے خصوصاً شعبہ قانون کے طلباء کے تبادلے اور اس حوالے سے ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے متعلقہ اداروں کے درمیان روابط  بڑھانے  اور طلباء کو قانون کی جدید تربیت دینے کے حوالے سے تعاون میں اضافے پر زور دیا۔ امریکی وفد کی جانب سے وزیر قانون کی تجویز کا خیر مقدم کیا گیا۔ وزیر قانون نے اپنے دورے کے دوران امریکی میڈیا نمائندگان سے بھی بات چیت کی۔

ای پیپر دی نیشن