اسلام آ باد (آئی این پی ) فواد چوہدری کیخلاف سرکاری ملازمین کو بغاوت پر اکسانے کے کیس میں فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ 7جولائی مقرر کردی گئی، سابق پی ٹی آئی رہنماء کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی گئی۔ ہفتہ کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں فواد چوہدری کے خلاف سرکاری ملازمین کو بغاوت پر اکسانے کے کیس کی سماعت ہوئی، ان پر فرد جرم عائد کی جانی تھی تاہم سابق وفاقی وزیر پیش نہیں ہوئے۔ عدالت نے فواد چوہدری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے فرد جرم عائد کرنے کیلئے 7جولائی کی تاریخ مقرر کردی۔ فواد چوہدری کیخلاف کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کی، سابق وفاقی وزیر کی طرف سے وکیل فیصل چوہدری پیش ہوئے۔ وکیل نے بتایا کہ فواد چوہدری بیمار ہیں، پیش نہیں ہوسکتے حاضری سے استثنی ٰدیا جائے۔ جج ظفر عباس سپرا نے استفسار کیا کہ فواد چوہدری کو کیا ہوا ہے۔ جس پر وکیل نے بتایا کہ موسم کی وجہ سے فواد چوہدری کی طبیعت خراب ہوئی ہے۔ جس پر جج نے دلچسپ انداز میں پوچھا کہ فواد چوہدری صاحب کو گرمی کا خاص جھٹکا تو نہیں لگا۔