لاہور (خبر نگار) ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس میں سلمان شہباز کی بریت کی درخواست پر سلمان شہباز کے وکیل نے دلائل مکمل کر لیے۔ عدالت نے سماعت 10 جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے سلمان شہباز سمیت دیگر ملزموں کی بریت کی درخواستوں پر جے آئی ٹی سے جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے جے آئی ٹی کو تیس سوالوں پر مشتمل سوالنامے کا جواب بھی جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے حکم دیا کہ اس مقدمے میں جو جے آئی ٹی بنائی گئی تھی اس کا مکمل ریکارڈ پیش کرے۔ عدالت نے ڈی جی ایف آئی اے کو ریکارڈ پیش کرنے اور سوالات کے جواب دینے کے لیے ڈائریکٹر کے تقرر کی ہدایت بھی کر دی۔ سپیشل سنٹرل عدالت کے جج بخت فخر بہزاد نے مزید ہدایت کی کہ اس مقدمے کے تمام تفتیشی بھی آئندہ سماعت پر اپنی حاضری یقینی بنائیں۔