گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )نگران صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹرجاوید اکرم نے کہا ہے کہ غریب اور کم وسائل والے مریضوں کیلئے وزیر ابادانسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کسی نعمت سے کم نہیں اور حکومت پنجاب کی ترجیحات کے تحت یہاں آنے والے امراض قلب میں مبتلا غریب مریضوں کو بائی پاس، اسٹنٹس، انجیو گرافی اور انجیو پلاسٹی سمیت دیگر تمام ممکنہ طبی سہولیات بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہیں. اور طبی سہولیات کے معیار کو مزیدبہتر اور عوام دوست بنانے کیلئے بھی ٹھوس اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے،ان خیالات کاا ظہار انہوں نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایات کی روشنی میں رات گئے وزیر آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے اچانک دورہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا- جس کامقصد ادارے کی کارکردگی کاتفصیلی جائزہ لینا اور دستیاب طبی سہولیات کے حوالہ سے مریضوں اور عوام سے براہ راست فیڈ بیک حاصل کرنا تھا،ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عبدالوحید،ڈی ایم ایس ڈاکٹر احسن اور دیگر سینئر ڈاکٹروں نے صوبائی وزیر صحت کو انسٹی ٹیوٹ آمد پر انہیں ادارے کی کارکردگی اور مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کے حوالہ سے بریفنگ دی،صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے ہسپتال کے ایمر جنسی وراڈ اور ہسپتال کے دیگر شعبوں کادورہ کیا اور وہاں زیر علاج مریضوں سے ان کی خیریت دریافت کرتے ہوئے طبی سہو لیات کی فراہمی، ڈاکٹروں اورسٹاف کے رویہ اور حاضری کے حوالہ سے فیڈ بیک لیا۔