شہبازشریف کے دورۂ فرانس  کے متوقع ثمرات

Jun 25, 2023

 وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے دورہ￿ƒیرس کے دوران چینی وزیراعظم، جرمن چانسلر، فرانس، برازیل، یورپین کمشن اور اسلامی بنک کے صدور سمیت متعدد شخصیات سے ملاقاتیں کیں اور دو طرفہ تعلقات پر گفتگو کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خارجہ محاذ پر تنہائی کا شکار تھا، ایک سال کی مسلسل محنت سے خارجہ تعلقات بحال کئے۔ سرمایہ کاری میں رکاوٹیں دور کرنے کیلئے سپیشل انوسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل بنادی ہے، پاکستان کی معاشی خودمختاری، ترقی اور مضبوطی ہی پاکستان کا مستقبل محفوظ بناسکتی ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف اور چین کے وزیراعظم لی چیانگ کے درمیان نئے عالمی مالیاتی معاہدے سے متعلق سربراہ اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی۔  اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، چین پاکستان اقتصادی راہداری سمیت معاشی تعاون کے فروغ، اعلیٰ سطح کے  رابطے برقرار رکھنے اور مشترکہ مفادات کے حصول کیلئے مل کر کام جاری رکھنے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔  
یہ وزیراعظم شہبازشریف کی انتھک محنت اور کوششوں کا نتیجہ ہے کہ عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہونیوالا پاکستان ایک مرتبہ پھر عالمی برادری کی صف میں شامل ہو رہا ہے اوربیرونی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔ دورہ فرانس کے موقع پروزیراعظم شہبازشریف کی مختلف سربراہان سے ملاقات پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے اچھی پیشرفت ہے۔ ان روابط سے جہاں تعلقات میں اضافہ ہوگا‘ وہیں اگر کسی کو پاکستان کے ساتھ تحفظات ہیں‘ انہیں بھی آسانی سے دور کیا جا سکے گا۔ چین اور پاکستان کے تعلقات ویسے ہی دنیا میں بے مثال ہیں اور دونوں ممالک بے لوث محبت اور دوستی کے آہنی رشتے میں جڑے ہوئے ہیں۔ بے شک پاک چین راہداری منصوبے کے ساتھ چین کے اپنے مفادات بھی وابستہ ہیں لیکن پاکستان بھی اس منصوبے سے بے شمار ثمرات حاصل کر رہا ہے۔اس منصوبے کے تحت پاکستان میں توانائی سمیت کئی ترقیاتی منصوبے پایۂ تکمیل کو پہنچ چکے ہیں اوردونوں طرف کے عوام کو روزگار میسر آرہے ہیں۔ دونوں ممالک کے اشتراک سے شروع ہونیوالا گیم چینجر سی پیک منصوبہ پاکستان ہی نہیں‘ پورے خطے کی ترقی کا ضامن بن چکا ہے۔ دورۂ فرانس کے دوران دونوں ملکوں کی قیادت نے سی پیک سمیت معاشی تعاون کے فروغ، اعلیٰ سطحی رابطے برقرار رکھنے اور مشترکہ مفادات کے حصول کیلئے مل کر کام جاری رکھنے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے جو خوش آئند ہے۔

مزیدخبریں