قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے انسانی اسمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن میں مزید سختی آگئی اور 30 مقدمات میں مطلوب شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سلسلے میں وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) نے فیصل آباد میں کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر کو گرفتار کیا، جس کے بارے میں ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلر طاہر ندیم کے خلاف ایف آئی اے فیصل آباد سرکل میں 14 مقدمات درج ہیں، ملزم کو 6 مقدمات میں عدالت کی جانب سے مفرور بھی ڈکلیئر کیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ ملزم کے خلاف مختلف تھانوں میں فراڈ کے 16 مقدمات درج ہیں، ملزم نے متعدد شہریوں سے جعل سازی اور بیرونِ ملک ملازمت کے نام پر کروڑوں روپے لوٹے، طریقہ واردات کے طور پر ملزم شہریوں کو غیر قانونی طریقے سے یورپ، کینیڈا، جاپان اور دیگر ممالک بھیجنے کا لالچ دیتےہے دوسری جانب یونان کشتی حادثے کے بعد انسانی اسمگلنگ سے متعلق ایکٹ میں ترمیم کا فیصلہ کر لیا گیا، وفاقی حکومت نے اینٹی ہیومین اسمگلنگ اور ٹریفکنگ ایکٹ 2018 میں ترمیم کا فیصلہ کیا ہے، اینٹی ہیومین اسملگنگ اور ٹریفکنگ ایکٹ 2018 میں ترمیم کی جائے گی، مجوزہ ترمیم میں انسانی اسمگلنگ اور ٹریفکنگ نا قابلِ ضمانت جرم ہو گا، انسانی اسمگلنگ اور ٹریفکنگ میں ملوث لوگوں کے بینک اکاؤنٹس اور اثاثے منجمد کیے جائیں گے۔قبل ازیں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں سانحہ یونان پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ یونان کے ساحل میں ڈوبنے والی کشتی میں 700 کے قریب افراد سوار تھے،کشتی میں 400 افراد کے سوار ہونے کی گنجائش تھی، کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 350 ہے، حادثے میں 12 پاکستانیوں کو بچایا گیا، ریسکیو آپریشن کے دوران 82 لاشیں نکالی گئیں،281 خاندانوں نے حکومت سے رابطہ کیا،متاثرہ خاندانوں کی معاونت کیلئے ڈیسک قائم کئے گئے، ڈی این اے کے 193 سیمپلر حاصل کیے گئے، وزیراعظم نے معاملے پر کمیٹی تشکیل دی۔
انسانی اسمگلرز کیخلاف کریک ڈاؤن‘ 30 مقدمات میں مطلوب شخص گرفتار
Jun 25, 2023 | 12:10