کچے میں سرنڈر کرنے والے ڈاکوؤں کو قومی دھارے میں لایا جائے: صدر

Jun 25, 2024

سکھر (نوائے وقت رپورٹ) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کچے میں ہتھیار ڈالنے والے ڈاکوؤں کو قومی دھارے میں شامل کیا جائے جبکہ دیگر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ سکھر میں صدر کی زیر صدارت سندھ میں سکیورٹی امن و امان کی صورتحال پر اجلاس ہوا، جس میں آئی جی سندھ نے کچے اور صوبے کی سکیورٹی صورت حال پر بریفنگ دی۔ شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ ریاست کے سامنے ہتھیار ڈالنے پر آمادہ کچے کے جرائم پیشہ افراد  کو بتدریج قومی دھارے میں لایا جائے جبکہ گھناؤنے جرائم میں ملوث پیشہ ور مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ چھوٹے جرائم میں ملوث افراد کی بحالی کر کے ملک کا ذمہ دار اور کارآمد شہری بنانا چاہیے۔ صدر مملکت نے کچے کے علاقے میں لوگوں کی سماجی و اقتصادی حالت بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علاقے میں سڑکیں، صحت اور تعلیم کے بنیادی ڈھانچے کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنایا جائے اور کچے کے علاقے کے قبائلی سرداروں پر مشتمل ایک قومی جرگہ بلایا جائے جو امن کے فروغ، سکیورٹی صورتحال بہتر بنانے کیلئے مقامی آبادی سے مذاکرات کرے۔ آئی جی سندھ نے بتایا ڈاکوؤں کی سرگرمیوں میں کمی آئی۔ گزشتہ 2 ماہ کے دوران شاہراؤں پر کوئی جرم رپورٹ نہیں ہوا۔ ڈی جی رینجرز نیب تایا سینکڑوں ڈاکوؤں‘ جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا۔ مختلف علاقوں میں اضافی چیک پوسٹیں قائم کی ہیں۔ صدر نے رینجرز اور پولیس کی کارکردگی کو سراہا۔

مزیدخبریں