لاہور ( خصوصی نامہ نگار) نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے 6227طلبہ و طالبات کے رزلٹ رکنے سے ان کا تعلیمی مستقبل مخدوش ہو رہا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلہ کے مطابق طلبہ کو تعلیم دینا اور نتائج کا اعلان کرنا یونیورسٹی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ منصورہ سے جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی انتظامیہ کی رپورٹ سپلیمنٹری طلبہ کے حق میں اور آئی ٹی رپورٹ میں بھی واضح ہے کہ سپلیمنٹری امتحانات کے طلبہ حقیقی ہیں اور ان طلبہ کی رول نمبر سلپس بھی بہاؤلادین زکریا یونیورسٹی نے جاری کی تھیں اس کے باوجود رزلٹ جاری نہ کرنا تعلیم دشمن اقدام ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا یہ انسانی حقوق کی سنگینی خلاف ورزی ہے، انتظامیہ ہوش کے ناخن لیں اور بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کے سپلیمنٹری امتحان کے نتائج کا فی الفور اعلان کرے۔