لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پنجاب کا پہلا انقلابی ایجوکیشن پروگرام ''، مریم نواز نے سکول ری آرگنائزیشن پروگرام کی منظوری دے دی۔ وزیراعلی نے پنجاب میں پہلا پبلک سیکٹر مونٹیسری پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلی نے سرکاری سکولوں کے ایک ہزار گراؤنڈز کی 6ماہ میں تعمیر وبحالی کا ہدف مقرر کر دیا ہے۔ وزیراعلی نے سرکاری سکولوں میں ہفتہ وار اور ماہانہ ’’مقابلے‘‘ شروع کرنے کا حکم دیا۔ راجن پور، لیہ، بھکر میں سی ایم پنجاب سکول نیوٹریشن پروگرام پائلٹ پراجیکٹ کا اگست سے آغاز ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے 14-ہزار اے ای اوز اور ایس ایس ای کی ریگولرلائزیش کا پلان طلب کرلیا۔ سہولیات اور ضروریات کا تعین کرنے کے لئے سکولوں کی جامع میپنگ کرنے کی ہدایت کی۔ گرین سکول پروگرام کے اجراء کا فیصلہ کیا گیا، ہر طالبعلم کم ازکم ایک پودا لگائے گا، ڈیجیٹل میپنگ کی جائے گی۔ سرکاری سکولوں میں سپوکن انگلش اور کریکٹر بلڈنگ کلاسز شروع کرنے کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز نے پنجاب بھر میں 603 نان فنکشنل سکولوں کی بحالی کی ہدایت کی۔ وزیراعلی نے سکولوں کی مانیٹرنگ کے لئے ارکان صوبائی اسمبلی کو ڈیوٹیاں تفویض کرنے کا حکم دیا ہے۔ اجلاس میں اساتذہ کے لئے ای ٹرانسفر آسان اور قابل عمل بنانے اور میٹرک کی سطح پر ٹیکنالوجی کے 12کورسز متعارف کرانے کا جائزہ لیا گیا۔ کم لاگت میں کلاس روم، آئی ٹی لیب، ایس ایم سی کے ذریعے بنانا ممکن ہوگا۔ مریم نواز نے سکول سسٹم کی ری ویمپنگ کے لئے جامع سکول ایجوکیشن پالیسی تیار کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں پبلک سکول ری آرگنائزیشن پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ، قائد اعظم اکیڈمی آف ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ اور پنجاب ایگزیمینیشن کمیشن کو یکجا کر کے پیکٹا (PECTAA) قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ورچوئل ریلیٹی روم، ٹیک روم، آرٹ روم اور دیگرجدید سہولتیں مہیا کرنے کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی نے کہاکہ سزا اور جزا کے عمل کے بغیر سسٹم میں بہتری نہیں لائی جاسکتی۔ ایجوکیشن کے لئے فنڈز کی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔ ہر ڈسٹرکٹ میں ارلی چائلڈ ہڈ ایجوکیشن سنٹر آف ایکسی لینس قائم کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں مریم نواز نے کہا کہ سفارتکاری میں خواتین کا کردار امن کو فروغ دینے میں اہم ہے۔ خواتین کی قیادت اور نقطہ نظرسفارتی کوششوں میں ہمدردی اور استقامت کی ایک منفرد اور ضروری جہت لاتا ہے۔ عالمی یوم خواتین برائے سفارتکاری کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن دنیا بھر کی خواتین سفارتکاروں کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف کے لئے منایا جاتا ہے۔ دوسری جانب مریم نواز نے ہر ڈویژن میں ’’مریم کی دستک‘‘ کی65 سروسز شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلی نے پنجاب کے تمام اضلاع میں ’’مریم کی دستک‘‘ سروسز دسمبر تک مہیا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس میں دستک پراجیکٹ میں توسیع کی منظور ی دی گئی۔ لاہور میں ’’مریم کی دستک‘‘ کی سروسز 40 تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اگست میں لاہور میں ’’مریم کی دستک‘‘ سروسزکی تعداد 65 تک پہنچ جائے گی۔ 14 اگست سے ہر ڈویژن میں مریم کی دستک سروسز شروع ہو جائے گی۔ پولیس، ریونیو، بلدیات، ایکسائز، ٹی ایم اے، ڈویلپمنٹ اتھارٹیز سمیت دیگر محکموں کی سروسز دستک کے ذریعے میسر ہوں گی۔ وزیر اعلیٰ نے دستک ایپ پر سروسز کی مزید بہتری کی ہدایت کی۔