وزیر آبپاشی کادورہ سنٹرل پولیس آفس ،آئی جی سے ملاقات ،افسروں کی کارکردگی کو سراہا 

Jun 25, 2024

لاہور(نامہ نگار)صوبائی وزیر آبپاشی محمد کاظم علی پیرزادہ نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا اور صوبائی وزیر آبپاشی نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔صوبائی وزیر آبپاشی نے راجن پور سمیت دیگرسرحدی اضلاع کی دریائی چوکیوں پر تعینات پولیس افسران و اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا۔ صوبائی وزیرنے کہا کہ پنجاب پولیس کچہ ایریاز میں دریائی بندوں کی تعمیر و مرمت کے دوران آبپاشی عملے کو بھرپور سکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔صوبائی وزیر نے راجن پور میں کچہ کریمنلز کے حملے کے دوران محکمہ آبپاشی کے عملے کو بھرپور تحفظ فراہم کرنے پر پنجاب پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ڈاکٹر عثمان انورنے صوبائی وزیر کو پنجاب پولیس کے تھانوں کی اپ گریڈیشن پر مبنی خصوصی کتاب ’’ تھانے پنجاب دے‘‘ بھی پیش کی۔ دریں اثناء آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے کہاکہ شرپسند و جرائم پیشہ عناصر، دہشتگردوں کی سرکوبی اور امن کی فضا برقرار رکھنے کیلئے پنجاب پولیس کے کومبنگ آپریشنز جاری ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ 26 فروری تا اب تک لاہور سمیت صوبہ بھر میں6 ہزار 389 سرچ و کومبنگ آپریشنز کئے گئے،2 لاکھ 6 ہزار سے زائد افراد سے پوچھ گچھ،2884 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا، گرفتار ملزمان سے 105 پسٹل، 16 بندوقیں،8 رائفلز، سینکڑوں کی تعداد میں گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔

مزیدخبریں