حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت) حافظ آباد میں حکومتی پابندی کے باوجود گاڑیوں اور ٹیوٹا ویگنوں میں گیس سلنڈر کی موجودگی مسافروں کو موت کا پیغام دینے لگی۔ سیکریٹری آرٹی اے سمیت ضلعی انتظامیہ کے افسران کی کوتاہی سے ضلع میں کسی وقت بھی کوئی بڑا حادثہ رونما ہوسکتاہے۔ تفصیلات کے مطابق حافظ آباد کے بس اور ویگن اسٹینڈز پر کھڑی گاڑیوں اور ویگنوں میں اب بھی حکومتی پابندی کے باوجود سیٹوں کے نیچے گیس سلنڈر رکھے نظر آتے ہیں اور حکومتی پابندی کے باوجود شہرکے ساگر روڈ پر ان گاڑیوںکے سلنڈرز میں سرعام گیس بھرنے کا مذموم دھندہ بھی جاری ہے۔ اس شدید گرمی میں کسی بھی گاڑی میں گیس کی لیکج سے کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ رونما ہوسکتا ہے ۔شہریوںنے ضلعی انتظامیہ کی اس غفلت اور لاپرواہی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ تمام ٹیوٹا ویگنوں اور گاڑیوںمیں سیٹوںکے تلے رکھے گیس سلنڈرز قبضہ میں لیکر مالکان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے اور جو لوگ گاڑیوں میں گیس بھرنے کے مذموم دھندے میں ملوث ہیں ان کے خلاف مقدمات درج کرواکے گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں۔