لاہور(نامہ نگار)سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی صدارت میں کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں امن و امان کی صورتحال سمیت دیگر پیشہ ورانہ امور کا جائزہ اجلاس ہوا۔ سی سی پی او نے کہا لاہور پولیس نے کرائم کنٹرول کیساتھ لاء اینڈ آرڈر کے چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ کیا۔انہوں نے افسران کو زیادہ دلجمعی اور محنت سے اپنے فرائض سر انجام دینے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ زیر ِ تفتیش مقدمات کو جلد سے جلد یکسو کیا جائے۔ پراسیکیویشن ڈیپارٹمنٹ سے بہترین کوارڈینیشن سے زیر تفتیش مقدمات کو تیزرفتاری سے نمٹایاجائے۔اجلاس میں زیر التواء کیسز کے چالانوں کی بروقت تکمیل کیلئے لائحہ عمل پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ کسی بے گناہ کی گرفتاری ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ہم نے عوام کے جان و مال، عزت اور آبرو کی حفاظت کی قسم کھائی ہے۔ پولیس سٹاف اپنے پروفیشنل ازم، کمٹمنٹ اور پرفارمنس سے عوام کے دل جیتیں۔ بلال صدیق کمیانہ نے بجلی چوری کے مقدمات میں مطلوب ملزمان اور قتل، اقدام ِ قتل سمیت سنگین جرائم میں ملوث اشتہاریوں کی جلد گرفتاری کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ افسران کوالٹی آف انوسٹی گیشن پرفوکس کریں۔ انوسٹی گیشن کیسزمیں فوری چالان اور مقدمات یکسو کرکے مظلوم کو انصاف فراہم کیاجائے۔اجلاس میں ڈی آئی جی انوسٹی گیشن ذیشان اصغر، ڈی آئی جی آگنائزڈ کرائم یونٹ عمران کشور،ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران، ایس ایس پی ایڈمن عاطف نذیر، ایس ایس پی انوسٹی گیشن انوش مسعود چوہدری، ایس ایس پی آپریشنز تصور اقبال، ایس پی سی آر اوعقیلہ نیاز نقوی،ایس پی (آرگنائزڈ کرائم یونٹ فرقان بلال، ایس پی اے وی ایل ایس رانا زاہداور ڈویژنل ایس پیز نے شرکت کی۔
سی سی پی اوکی صدارت امن و امان سمیت دیگر پیشہ ورانہ امور کا جائزہ اجلاس
Jun 25, 2024