ہم پراپیگنڈا نہیں،کام کرتے ہیں:سائرہ افضل تارڑ

حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت)سابق وفاقی وزیرصحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ ہم کام کرتے ہیں پراپیگنڈہ نہیں ،نیا ڈی ایچ کیوہسپتال 400بیڈسے زائد کا تو ہوسکتا ہے مگر کم کا نہیں۔یونیورسٹی آف حافظ آباد کی کلاسز جلد شروع ہوں گی ۔پراپیگنڈہ کرنے والے مخالفین ابھی تک یونیورسٹی کاچارٹر تو منظور نہیں کرواسکے۔اسمبلی میں بیانا ت کچھ دیتے ہیں اور عوام میں کچھ ۔ہمارے سیاسی مخالفین کی نہ حکومت ہے نہ کوئی انکی سنتا ہے اورشوروہ مچارہے ہیں کہ ضلع بھرکی سڑکیںہم بنوارہے ہیں۔جبکہ ہم ضلع بھرکی تمام رابطہ سڑکیںجلد مکمل کرلیں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پریس کلب میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ اس موقع پر ایم پی اے عون جہانگیر بھٹی ، رائے قمرالزمان زمان بھون شیخ نویداحسان خالد محمود بٹ ودیگر مسلم لیگی راہنما موجود تھے۔انہوںنے کہا کہ پرانے ڈی ایچ کیوہسپتال کی تزئین وآرائش بھی ہم نے ہی کروائی تھی اور اب نئے ڈی ایچ کیوہسپتا ل کیلئے 2425ملین روپے اور یونیورسٹی آف حافظ آباد کیلئے 1129ملین فنڈز کا اجراء ہوچکا ہے اور سائٹ پر کام تیزی سے جاری ہے ۔ضلع بھر کی تمام رابطہ سڑکیں کارپٹ مکمل ہوچکی ہیں۔مگرہمارے مخالفین اس کاکریڈٹ لینے کی ناکام کوشش کررہے ہیں ۔جو عوام ان کو لینے نہیں دیں گے۔جو کام کرواتاہے عوام کو علم ہوتاہے ۔حافظ آباد میں تمام پانی کے فلٹریشن پلانٹ کی صفائی اورفلٹر تبدیلی کے بعد صاف پانی دستیاب ہے اور جن علاقوںمیں پینے کاصاف پانی نہیں ہے ان علاقوں کا سروے کرکے وہاں بھی جلد واٹر فلٹر پلانٹ لگائے جائیں گے ۔

ای پیپر دی نیشن