کرک (نوائے وقت رپورٹ) ضلع کرک میں بجلی صارفین کے ذمے لاکھوں روپے کے بقایا جات معاف کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کرک مجیب الرحمان کی زیر صدارت بجلی لوڈشیڈنگ سے متعلق اجلاس ہوا جس میں پیسکو حکام اور صوبائی وزیر محمد سجاد شریک ہوئے۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مجیب الرحمان کا کہنا تھا بجلی صارفین کو بڑا ریلیف دے دیا گیا اور صارفین کے ذمے لاکھوں روپے کے بقایا جات معاف کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صارف صرف ماہانہ بلز کی ادائیگی کریں گے۔ پہلے مرحلے میں 5 فیڈرز پر 12 گھنٹے بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ بجلی چوروں کے خلاف بھرپور ایکشن لیا جائے گا۔ پہلے مرحلے کے مثبت نتائج کی صورت میں لوڈشیڈنگ میں بتدریج کمی ہو گی۔