لاہور(سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی ٹی 20ورلڈکپ 2024میں افغانستان کرکٹ ٹیم کے بائولر باز فضل حق فاروقی سب سے زیادہ وکٹیں لینے والوں میں سرفہرست ہیں۔ کرکٹ ماہرین کی جانب سے اس میگا ایونٹ کو بالرز کا ورلڈکپ قرار دیا جارہا ہے جہاں بڑی ٹیمیں بھی 20 اوورز میں بڑا سکور بنانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہیں۔ امریکہ کی میزبانی میں ہونیوالے ورلڈکپ میچز میں بھی بالرز کو پچ اور موسمی صورتحال کا فائدہ حاصل تھا۔ٹی 20ورلڈکپ میں زیادہ وکٹیں لینے والے بالرز کی فہرست میں فضل حق فاروقی 15وکٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہیں۔ آسٹریلیا کے ایڈم زمپا 13اور ویسٹ انڈیز کے الزاری جوسیف بھی 13وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔فہرست میں بھارت کے ارشدیپ سنگھ 12اور بنگلہ دیش کے تنظیم حسن 11وکٹوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔خیال رہے کہ اس فہرست میں کوئی بھی پاکستانی باولر شامل نہیں ہے۔ فاسٹ باولر محمد عامر اور حارث روف نے گروپ میچز میں 7،7وکٹیں حاصل کی تھیں۔