لاہور(سپورٹس رپورٹر)چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ڈومیسٹک کرکٹ نظام کو مضبوط بنانیکا فیصلہ کرتے ہوئے کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کو فروغ دینے کے پلان کی اصولی منظوری دیدی۔پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹرز کے کنٹریکٹ پرنظرثانی کافیصلہ کیا،جبکہ قومی ٹیم میں شمولیت کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت کو لازمی قرار دے دیا ہے۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی صدارت میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہورمیں کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کے حوالے سے 3گھنٹے طویل اہم اجلاس ہوا، جس میں ڈومیسٹک کرکٹ نظام کو مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے،اس حوالے سے پلان کی منظوری دے دی گئی ہے۔ ڈومیسٹک کنٹریکٹس کی نظرثانی کی جائے گی جبکہ قومی ٹیم میں شمولیت کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا لازمی ہو گا۔اجلاس میں ڈومیسٹک کرکٹ کے لئے کوچنگ کے معیار بھی بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ کے کوچز کی ٹریننگ کے لیے ماسٹرکوچ کو تعینات کیا جائے گا۔اجلاس میں کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کیلئے سفارشات اور تجاویز پر غور کیا گیا،جبکہ بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ اورنیوزی لینڈ کے ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے کے خدوخال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پرچیئرمین پی سی بی کا کہنا تھاکہ پرفارمنس اور فنٹس پر ہی کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔ میرٹ کارکردگی اورفٹنس پر رتی بھر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پرکام کرنا ہوگا۔ نئے ٹیلنٹ پر سرمایہ کاری سے کرکٹ کو نچلی سطح پر فروغ ملے گا اور مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
کھلاڑیوں کا قومی ٹیم میں شمولیت کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا لازمی :پی سی بی
Jun 25, 2024